• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف گلوکار عاصم اظہر نے پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کا آفیشل ترانہ چار روز قبل ہی جاری کیا گیا ہے جس کو گانے والے پاکستان کے 4 نامور گلوکار عارف لوہار، عاصم اظہر، علی عظمت اور ہارون رشید ہیں لیکن شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ پسند نہیں آیا اور ہر ایک اِس ترانے پر تنقید کرتا نظر آرہا ہے۔

اِن ہی تنقید کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے گلوکار عاصم اظہر میدان میں آگئے۔

یہ بھی دیکھئے: پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ جاری


اُنہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک طویل ٹوئٹ کیا، اُنہوں نے لکھا کہ ’کرکٹ کا مداح ہونے کی حیثیت سے میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ سب کے لیے کرکٹ اور پی ایس ایل کی کیا اہمیت ہے اور مجھے افسوس ہے کہ میں شائقین کرکٹ کی توقعات پر مکمل طور پر پُورا نہیں اُتر سکا۔‘

عاصم اظہر نے لکھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ آپ لوگ بے صبری سے پی ایس ایل فائیو کا انتظار کر رہے تھے لیکن سب ہی گلوکاروں نے آپ کی توقعات پر پورا اُترنے کی کوشش کی ہے اور ہم نے اِس بار کچھ مختلف کرنےکی کوشش کی ہے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’اُن تمام لوگوں کا شکریہ جو پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے سے لطف اندوز ہورہے ہیں جبکہ اُن تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جن کو یہ ترانہ پسند نہیں آیا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’میں پاکستانیوں کو دو باتیں کہوں گا کہ پی ایس ایل کے تمام ترانے جو اب تک گائے جا چکے ہیں ان کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں ہے، آپ کو پسند یا ناپسند کرنے کا پُورا حق ہے لیکن یہاں اِس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہےکہ ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ مقصد ہے کرکٹ، پی ایس ایل اور سب سے اہم پاکستان کی بہتری ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’مہربانی کرکے تنقید کرنے سے پرہیز کریں، کسی پر تبصرے کرنا اور ذاتی ریمارکس دینا اچھی بات نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ جاری ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین ترانہ گانے والے تمام گلوکاروں کو مختلف میمز کے ذریعے شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین