اس ترقی یافتہ دور میں ماہرین چیزوں کوجدید سے جدید تر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔حال ہی میں ماہرین نے نئے الیکٹرانک مٹیریل سے دنیا کی سب سے باریک ٹچ اسکرین بنائی ہے جو موجود ہ ٹچ اسکرین کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ باریک ہے ۔اس ٹچ اسکرین کو آسٹریلیا کی آر ایم آئی ٹی یونیورسٹی میںتیار کیا گیا ہے ۔ماہرین کے مطابق اس نئے مٹیریل کو رول ٹو رول پرنٹنگ کی طر ح بڑے پیمانے پر چھا پنا بھی ممکن ہو سکے گا ۔اسمارٹ فون کی ٹچ اسکرین کو انڈئیم ٹن آکسائیڈ سے بنایا جاتا ہے ،اس کو زیادہ باریک کرنا کافی مشکل ہوتا ہے ،کیوں کہ یہ ٹوٹ جاتی ہے ۔
پروفیسرٹوربن ڈینیکے کے مطابق ہم نے پرانے مٹیریل کو اندر سے تبدیل کیا ہے جس کے بعد اسے مزید باریک اور لچک دار بنایا گیا ہے، اب اسے آسانی سے موڑا اور بل دیا جاسکتا ہے ۔اس عمل کو مائع دھاتی (لیکویڈ میٹل) پرنٹنگ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں انڈیئم ٹن بھرت کو 200 درجے سینٹی گریڈ پر گرم کیا جاتا ہے جہاں وہ مائع میں بدل جاتا ہے۔ اس کے بعد اسے دبا کر نینو پیمانے کی باریک شیٹوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
اس طرح انڈیئم ٹن آکسائیڈ کے تمام خواص برقرار رہتے ہیں لیکن اندر سے کرسٹل ساخت بالکل تبدیل ہوجاتی ہے اور اس کے خواص بھی بدل جاتے ہیں۔اپنی لچک کی بنا پر باریک ٹچ اسکرین پہلے سے زیادہ شفاف ہے۔ یہ بجلی بھی کم خرچ کرتی ہے اور اسی بنا پر بیٹری کا اوسط خرچ 10 فی صد تک کم ہوسکتا ہے۔ فی الحال تجرباتی طور پر ایک ٹچ اسکرین تیار کی گئی۔مستقبل میں مزید اس طرح کی ٹچ اسکرین تیار کی جائے گی۔