گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں گرفتار ہونے والے افراد کی رہائی کے لیے اتوار کو جرمن دارالحکومت برلن کے تاریخی برانڈنبرگ گیٹ کے پاریزر پلاٹس پر ایک پُر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں برلن میں مقیم پاکستانی، جرمن اور جنوبی ایشیا ئی طلبہ اور اسکالرز نے شرکت کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ گرفتار شدہ 30 مظاہرین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ زیر حراست افراد پر ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزامات ہیں۔
'کرٹیکل پاکستان، برلن' نامی گروپ نے مظاہرے کی کال دی تھی، اس گروپ میں برلن میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علم اور پی ایچ ڈی اسکالر شامل ہیں۔
مظاہرے میں شریک ایک پاکستانی طالب علم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پُر امن احتجاج کرنا شہریوں کا آئینی اور قانونی حق ہے، لہذا حکام آزادی اظہار پر قدغن نہیں لگا سکتے۔
گزشتہ منگل کو اسلام آباد سے پشتون تحفظ موومٹ رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور دیگر مظاہرین کو اُس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔