• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سے دس پاکستانی طالب علم پاکستان پہنچ گئے

چین سے دس پاکستانی طالب علم پاکستان پہنچ گئے


چین سے بہ راستہ بنکاک دس پاکستانی طالب علم لاہور پہنچ گئے جنہیں مکمل اسکریننگ کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق چین سے 10 پاکستانی طلبہ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے گزشتہ رات بنکاک کے راستے لاہور پہنچے تھے، واپس آنے والے طلبا میں ایک طالبہ بھی شامل ہے۔

ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہارون اختر کے مطابق چین سے آنے والے تمام مسافروں کو ایس او پیز کے مطابق چیک کیا جا رہا ہے۔ 2 روز میں 50 کے قریب مسافر آئے، سب کو اسکریننگ کے بعد گھر جانے دیا گیا۔

پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے طلبہ کی بغیر اسکریننگ ایئرپورٹ سے جانے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کی ہوائی اڈوں پر مکمل اسکریننگ جاری ہے، اسکریننگ سے گزرنے والے طلبہ کی مکمل دستاویزی تفصیلات بھی موجود ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ چین سے آنے والے طلبہ ووہان شہر سے 2 ہزار کلومیٹر دور قیام پذیر تھے اور دو روز دوران چین سے 50 کے قریب مسافر پاکستان آئے ہیں، چینی حکام بھی مسافروں کو مکمل اسکریننگ کے بعد سفر کی اجازت دیتے ہیں۔

تازہ ترین