پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کاکہنا ہے کہ سونامی نام ہی تباہی کا ہے اور عمران خان کہتے تھے کہ سونامی لاؤں گا تو وہ مہنگائی کا سونامی لے آئے ہیں ۔
سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جلسوں میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن کا ذکر کرنے والے عمران خان بتائیں کہ اب 12 ارب روزانہ کی کرپشن کون کررہا ہے ، وہ روزانہ کے 12 ارب روپے کہاں خرچ ہورہے ہیں ، اب کرپشن کرنے والوں کو کیوں نہیں پکڑتے ۔
خورشید شاہ نے آئی جی سندھ کے تبادلے کے حوالے سے کہا کہ صوبوں کے درمیان فرق ملک کے لیے خطرناک ثابت ہوگا اس لیے اس فرق کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت ایک دم کس نے بڑھائی ہے، آٹا گھی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں ڈالر 156 ستاون تک پہنچ چکا ہے ۔
اس حکومت نے پندرہ ماہ میں گیارہ ارب کا قرضہ لیا ہے اتنا تو قرضہ کسی حکومت نے 5 سال میں نہیں لیا ہے میری حکومت سے اپیل ہے کہ مہنگائی کو کم کیا جائے عوام کو ریلیف دیا جائے۔