خیبرپختونخوا حکومت نےپشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک بار پھر نئی ڈیڈلائن دے دی۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی پشاور میں ابھی بھی کافی مشکلات ہیں، منصوبہ اپریل میں فعال ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور آج بھی اس بات پر قائم ہوں کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے بی آر ٹی کا جائزہ لیا اور انہیں بتایا گیا ہے کہ منصوبہ اپریل تک مکمل ہوجائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 3 سنگ میل رکھے گئے تھے، تیسرا مرحلہ بھی 15 فروری تک مکمل ہوجائے گا، اپریل تک تربیت اور آخری مراحل طے کیے جائیں گے۔
شوکت یوسفزئی نے چند روز قبل بی آر ٹی پشاور رواں سال مارچ میں مکمل ہونے کی امید کا اظہار کیا تھا۔
اس وقت میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا تھاکہ بی آرٹی پشاور منصوبہ آخری مرحلے میں ہے، کام تیز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مارچ کی ڈیڈلائن پوری نہ ہوئی تو بی آر ٹی پشاور کے کنٹریکٹر پر 50 کروڑ روپے یومیہ کے حساب سے جرمانہ لگایا جائے گا۔
اس سے قبل ایک بیان میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے رواں برس جون تک بی آر ٹی پشاور مکمل کرنے کے حوالے سے نئی ڈیڈلائن دی تھی۔
صوبائی حکومت نے گزشتہ برس کے آخر میں بی آر ٹی پشاور کی ساتویں ڈیڈلائن دی تھی۔