جھنگ کی تحصیل شورکوٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کے ڈاکٹر نے نرس کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے متاثرہ نرس کی درخواست پر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ڈاکٹر نے مقامی عدالت سے 14 فرور ی تک ضمانت قبل از گرفتاری کروالی۔
تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال شور کورٹ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر ایک نرس کو بری طرح جھاڑتے ہوئے اس پر تھپڑ برسا رہا ہے۔
متاثرہ نرس روبینہ نے اپنے اوپر تشدد کرنے والے ڈاکٹر صفدر کے خلاف تھانہ شورکوٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں خاتون نے موقف اپنایا ہے کہ وہ رات کے وقت اسپتال میں ڈیوٹی پر تھی، اس دوران ڈاکٹر صفدر جنجوعہ نرسنگ روم میں آئے اور راؤنڈ پر چلنے کا کہا۔
انہوں نے درخواست میں لکھا کہ جب وہ فائلز اٹھانے لگی تو ڈاکٹر صفدر نے اس کی تصویریں بنانا شروع کردیں، اور تصاویر بنانے کا منع کرنے پر ڈاکٹر نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
اپنی درخواست میں خاتون نرس نے لکھا کہ ڈاکٹر نے اسے بالوں سے پکڑ کر زد و کوب کیا اور تھپڑ بھی مارے۔
تھانہ شورکوٹ پولیس نے متاثرہ نرس کی درخواست پر ڈاکٹر صفدر جنجوعہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب ڈاکٹر صفدر نے مقامی عدالت سے 14 فرور ی تک ضمانت قبل از گرفتاری کروالی۔