امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگیں ختم کرنے پر کام کر رہے ہیں، عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت واضح پیغام ہے کہ امریکیوں پر حملہ کرنے والے امریکی انصاف سے نہیں بچ سکیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ایک بار پھر ایرانی جنرل کو قتل کرنے کا دفاع کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قاسم سلیمانی نے ہزاروں امریکیوں کو قتل یا زخمی کیا، ایرانی حکومت ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی کوشش بند کرے اور دہشتگردی و تباہی پھیلانے کا عمل ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کی معیشت بہت کم وقت میں بہت اچھی کرسکتاہے، شاید ایرانی کچھ زیادہ مغرور یا بےوقوف ہیں کہ وہ امریکا سے مدد مانگیں مگر دیکھتے ہیں وہ کونسی راہ اپناتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگیں ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، افغانستان میں بھی امریکا کی طویل ترین جنگ ختم کرنے اور فوج واپس لانے کے لیے اقدام کیے جارہے ہیں جبکہ افغانستان میں غیر معمولی پیشرفت ہوئی ہے، ہمارا کام نہیں کہ دیگر قوموں کے لیے قانون نافذ کرنیوالے بن جائیں۔
امریکا کے داخلی امور سے متعلق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سرحدیں محفوظ اور ملک کا وقار بحال کروالیا، معیشت مضبوط کردی ہے جبکہ اگر سابق ناکام حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھا ہوتا تو آج یہ نہ ہوتا۔