• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کشمیر کی آزادی، حکمران امریکا کی طرف دیکھنے کی بجائے اعلان جہاد کریں، سراج الحق

کشمیر کی آزادی، حکمران امریکا کی طرف دیکھنے کی بجائے اعلان جہاد کریں


کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم،چیف آف آرمی اسٹاف اور اہل اقتدار و اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے اب عملی اقدامات کریں، پاکستان کی فوج پاکستان کیلئے ہے،قوم کا مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کیلئے آگے بڑھے، پوری قوم انکی پشت پر کھڑی ہوگی،حکمران دورنگی اور منافقت چھوڑ کر اور امریکا کی طرف دیکھنے کے بجائے ٹیپو سلطان بن کر جہاد کا اعلان کریں،اگر دنیا چاہتی ہے کہ یہ خطہ ایٹمی جنگ سے محفوظ رہے تو کشمیریوں کو جینے کا حق دیا جائے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد یا مظفر آباد میں بلایا جائے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے استصواب رائے کا حق دلوائے، اہل کشمیر اور پوری کشمیری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے جو بدترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہے، آج اہل کراچی اور بالخصوص خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے 20کلومیٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر اہل کشمیر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شاہراہ فیصل پر میٹروپول تا قائد آباد 20کلومیٹر طویل ”انسانی ہاتھوں کی زنجیر“ کے شرکاء سے میٹروپول،نرسری بس اسٹاپ اور قائد آبادپر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ آج عوام یواین او سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ خود اپنی قراردادوں کے مطابق مقوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی جبر وتشدد کے شکار کشمیریوں کو استصواب رائے کے حق کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ آج انسانی ہاتھوں کی عظیم الشان اور طویل زنجیر علامت ہے کہ اگر دنیا ساتھ دے نہ دے پہلے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔اہل کشمیرکے لیے اور کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرے۔انہوں نے کہا کہ 6ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی غاصب افواج نے جیل خانہ بنادیا ہے اور عالمی برادری تماشا دیکھ رہی ہے، ہمارے حکمران صرف تقریریں کررہے ہیں اور اچھی تقریریں کر کے سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کا حق ادا کردیاحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مودی اور آر ایس ایس کے غنڈے کشمیریوں پر زندگی تنگ کررہے ہیں، اہل کشمیر کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ ہر طرح سے مدد کریں۔

تازہ ترین