• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ٹیسٹ، سکیورٹی کیلئے 5ہزار پولیس اہل کارتعینات

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے پانچ روزہ کرکٹ ٹیسٹ میچ کی سیکیورٹی کے لئے 5ہزار پولیس اہل کارتعینات کئے جائیں گے ۔ ان میں ایلیٹ فورس ، لیڈیز پولیس اورمحافظ سکارڈ کے اہل کاربھی شامل ہیں جب کہ میچ کی سیکیورٹی کے لئے پاک فوج ،رینجرز، اوردیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے جوان بھی تعینات کئے جائیں گے ۔اس ضمن میں راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ کا سیکورٹی انتظامات کا پلان جاری کردیا ، سیکورٹی پلان کے مطابق 5000کے قریب پولیس افسران و ملازمین میچ کے پانچوں دن سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ، میچ کے علاوہ دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن اور آمد ورفت کیلئے بھی سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں ، شائقین کرکٹ مخصوص راستوں سے گزر کر سٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے ، شائقین کرکٹ کو واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کرنے کے علاوہ فزیکل چیکنگ کے مراحل سے بھی گزرنا ہوگا ۔ خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سکیورٹی پلان کے مطابق سٹیڈیم کے اطراف اور روٹ پر روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز سنائپرز کو تعینات کی جائے گا۔ سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے تمام افسران اپنے ماتحت سٹاف کو وقتاًفوقتاً چیک اور بریف کرتے رہیں گے ، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے انتظامات متعلقہ اضلاع کی ذمہ داری ہوگی جو راولپنڈی میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور اشخاص کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دیں گے ۔ ڈیوٹی پر مامور افسران و ملازمین کو وقت سے پہلے ڈیوٹی پوائنٹ پر رپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں کہ مجاز اتھارٹی کے احکام موصول ہونے تک ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑا جائے گا ۔ میچ سے پہلے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقہ میں ایسے تمام عناصر پر کڑی نظر رکھیں جو سماج دشمن کارروائیوں میں ملوث ہوسکتے ہیں ۔سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و ملازمان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہوئے ڈیوٹی کیلئے ٹرانسپورٹ کے علاوہ ڈیوٹی پوائنٹ پر کھانا پانی وغیرہ بھی فراہم کی جائے گا۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات کے سلسلہ میں دیگر اضلاع سے بھی نفری منگوائی گئی ہے تاکہ اہم ایونٹ کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جا سکے ، ٹیسٹ میچ کے دوران ٹریفک کے انتظامات اور شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
تازہ ترین