• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس: یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی سفارت خانے میں سیمینار

پیرس: یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی سفارت خانے میں سیمینار


یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں سیمینار اور فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

پیرس میں ہونے والی اس تقریب جس کا موضوع  ”انسان بغیر انسانی حقوق“ تھا، جس سے فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر جین برنارڈ سمپاستوس  اور معروف فرانسیسی اسکالر، پروفیسر اینی کریگر کرینیکی نے بھی خطاب کیا۔

سفیرِ پاکستان معین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ وہ کشمیروں کے ساتھ اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہمیشہ ان کے قانونی حقوق اور خودمختاری کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

جین برنارڈ سمپاستوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان 70 سال پرانا ہے اور اب تک ہزاروں افراد کی ہلاکت کا باعث بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال  5 اگست کو بھارت کی جانب سے کی جانے والی غیر قانونی کارروائی نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کے فریقین اور عالمی برادری کو تسلیم شدہ تنازعہ کو پر امن طور پر حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کشمیریوں کے عالمی سطح پر منظور شدہ انسانی حقوق کی بحالی پر زور دیتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کو بحال کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو کا خاتمہ کرے۔

بعدازاں فرانسیسی سینٹر مسٹر پاسکل علیزاڈ، مسٹر جین برنارڈ سمپاستوں اور سفیر پاکستان نے مشترکہ طور پر مصوری اور آرٹ نمائش کا افتتاح کیا جہاں مشہور فنکاروں کے فن پارے آویزاں کیے گئے تھے۔

اس موقع پر کشمیری فنکارہ محترمہ موزنا خواجہ کے خصوصی فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی۔ اس نمائش میں دکھائے گئے ان فن پاروں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کو اجاگر کیا گیا تھا۔

اس موقع جنگ سے گفتگو کرتے محمد جمیل، سینئر رہنما راجہ علی اصغر  اور ڈاکٹر پا شا نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور آخر سانس تک کشمیر آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے۔

علاوہ ازیں انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے صدر زاہد اقبال ہاشمی کی قیادت میں ایک وفد نے پیرس میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو ہیڈکواٹر اور بھارتی سفارت خانہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف قرار داد کا مسودہ ان کے نمائندوں کے حوالے کیا۔ اس موقع پی کے چوہدری اور مبارک جدوں بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تازہ ترین