وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سرعام پھانسی سے متعلق قرار داد کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔
فوادچوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی اجلاس میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام پھانسی دینے سے متعلق قرارداد کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے قوانین تشدد پسندانہ معاشروں میں بنتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بربریت سے آپ جرائم کے خلاف نہیں لڑسکتے ہیں۔
فواد چوہدری نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہا پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی اجلاس میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام پھانسی دینے سے متعلق قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔
قرارداد وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کی جانب سے اسمبلی میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ بچوں کوزیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سرعام پھانسی دینے کی مخالفت کی گئی، راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے قوانین کے مطابق سرعام پھانسی نہیں دی جاسکتی۔