چین میں کورونا وائرس سے امریکی شہری ہلاک ہوگیا۔
چین میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 60 سالہ امریکی شہری ووہان کےاسپتال میں زیرِ علاج تھا، امریکی شہری نے 6 فروری کو اسپتال میں ہی دم توڑا۔
ترجمان امریکی سفارتخانے نے امریکی شہری سے متعلق مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین میں 19 غیر ملکی کوروناوائرس کا شکار ہیں جس میں سے دو غیر ملکی صحت یاب ہوچکےہیں۔
واضح رہے کہ کوروناوائرس سے چین میں اموات کی تعداد 722 ہوگئی جبکہ کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 546 ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں کوروناوائرس سے 86 مریض دم توڑ گئے، جب کہ مزید 3 ہزار 999 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں کوروناوائرس کے مزید تین کیسز سامنے آگئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔
جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز پر 3 ہزار 700 مسافر سوار ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے چین اور کورونا وائرس سے متاثر دیگر ممالک کے لیے 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔