• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائیو: فرنچائزز نے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیوکے لیے فرنچائززنے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ، ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں مکمل اورجزوی عدم دستیاب کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پشاور اور کراچی نے دو، دو جبکہ لاہور، اسلام آباد، ملتان اور کوئٹہ کی ٹیموں نے ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیمو پاؤل کی جگہ سندھ کے شہر دادو سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر زاہد محمود کو بطور متبادل کھلاڑی ٹیم میں شامل کرلیا۔

لیگ اسپنر زاہد محمود نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 24 میچزمیں 35 وکٹیں حاصل کی ہیں، 31 سالہ زاہد محمود نے 5 اعشاریہ 96 کی کفایت شعاری سے بولنگ کی ہے۔

پشاور زلمی نے ڈوائن پریٹوریس کی جگہ لوئس گریگری اور کیرون پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ کو شامل کیا ہے جو 7 مارچ تک دستیاب ہوں گے۔

ملتان سلطانز نے فابئین ایلن کی جگہ وائن میڈسین، لاہور قلندرز نے لینڈل سمنز کی جگہ ڈین ولاس, اسلام آباد یونائیٹڈ نے راسی وینڈر ڈوسن کی جگہ ڈیوڈ ملان کو شامل کیا ہے۔

‏کراچی کنگز میں لیام پلنکٹ کی جگہ مچل میک کلینگھن اور ڈین لارنس کی جگہ چیڈوِک والٹن کو شامل کیا ہے، دونوں کرکٹرز کا انتخاب مکمل ایڈیشن کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل فائیو کا مکمل شیڈول

پاکستان سپر لیگ کا سیزن فائیو 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہے گا، ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

تازہ ترین