• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوسلو: مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے، سفیرِ پاکستان

ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، لیکن بھارت ظلم و ستم کے ذریعے ان کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے۔ وادی کا محاصرہ جاری ہے، بڑی تعداد میں لوگ گرفتار ہیں، مقبوضہ وادی کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں کشمیر کے موضوع پر ایک سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یادر ہے کہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں گذشتہ تین دنوں میں پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرے سمیت کشمیر کے حوالے سے مسلسل تین بڑے پروگرام منعقد ہوئے ہیں۔

سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے کہا کہ 70 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ دنیا کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے کشمیریوں کی آواز کو سننا ہوگا اور انہیں انصاف دلوانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے پوری دنیا میں کشمیریوں سے یکجہتی کی مناسبت سے مظاہروں اور اجتماعات  کی صورت میں ایک بار پھر کشمیریوں سے پوری دنیا میں یکجہتی دکھائی گئی۔ اس سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بڑھیں گے۔ 

پاکستان کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گا۔

ظہیر پرویز خان نے کہا کہ بھارت نے گذشتہ سال ایک غیرذمہ دارانہ ریاست کا ثبوت دیتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ شروع کردیا۔ بھارت نے 9 لاکھ فوج کو آٹھ ملین کشمیریوں پر تعینات کیا ہوا ہے اور مقبوضہ کشمیر کا علاقہ دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کررہا ہے۔

نارویجن پارلیمنٹ کے سابق رکن لارش رائی سے جو طویل عرصے سے ناروے میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے فعال ہیں، نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم زیادہ سے زیادہ دنیا کے سامنے لانا ہوں گے، دنیا کو یہ بتانا ہوگا کہ مظالم کا یہ سلسلہ رکا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے مسئلہ کشمیر پر کوششیں کی ہیں اور آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل اسلامک کلچرل سینٹر اوسلو کے امام علامہ ڈاکٹر حامد فاروق نے پروگرام کے آغاز پر تلاوت کلام اللّٰہ مجید کی سعادت حاصل کی۔

سیمینار کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان کی قونصلر زیب طیب عباسی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود، نارویجن پاکستانی ماہرقانون کرن عزیز اور نارویجن کشمیری نوجوان رہنماء معزخان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر مظالم بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

اس موقع پر یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی ترانے اور کشمیری نغمے کے دوران سمینار کے شرکاء احتراماً کھڑے رہے۔

اختتام پر النور اسلامک سینٹر اوسلو کے امام سید محمد اشرف شاہ نے دعائیہ کلمات ادا کیے۔

تازہ ترین