• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری واٹر سپلائی سکیم کو آب پاک اتھارٹی کے ذریعے مکمل کیا جائیگا

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے برسوں سے زیرالتواء مری بلک واٹر سپلائی سکیم کو آب پاک اتھارٹی کے ذریعے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اظہار وزیر ہائوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کی زیرصدارت مری امپروومنٹ ٹرسٹ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مری میں تعمیرات، واٹر سپلائی، ٹریفک اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے- میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری واٹر سپلائی سکیم کو پنجا ب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے مکمل کیا جائیگا- مری میں پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائیگی- انہوں نے کہا کہ مری میں ہفتے کے اختتام اور دیگر باقی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی گاڑیوں کی زیادہ آمدورفت کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں جس کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے جھیکا گلی کے قریب پارکنگ ایریا قائم کیا جائیگا- انہوں نے کہا کہ مری کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے- مری میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے مہم شروع کی جائیگی- اجلاس کے دوران مری امپروومنٹ ٹرسٹ سکیم میں قانونی تعمیرات کیلئے نقشوں کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا- میاں محمود الرشید نے ہدایت کی کہ زیر التواء نقشوں کو جلداز جلد منظور کیا جائے۔ مزید برآں مری امپروومنٹ ٹرسٹ کے تحت ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل اور مری امپروومنٹ ٹرسٹ سکیم کی بائونڈری وال جلد مکمل کی جائیگی-
تازہ ترین