تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: مومی
ملبوسات: مُنوش برائیڈل کلیکشن، کراچی
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
یہ بجا ہےکہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہر نگاہ کا مرکز دُولہا، دلہن ہی ہوتے ہیں، مگراس موقعے پرخاص طور پر لڑکیوں بالیوں کا بھی دِل چاہتا ہے کہ اُن کی سج دھج کچھ ایسی ہو کہ حُسن و دِل کشی، جاذبیت و رعنائی کے سارے استعارے بس اُن ہی پر صادق آجائیں۔ اور سچّی بات تو یہ ہے کہ عموماً ان تقریبات کی رونق بھی اِن ہی کےدَم سے ہوتی ہے کہ جدھر نگاہ اٹھاؤ، یہی نوعُمر لڑکیاں زرق برق ،دیدہ زیب پیراہن( جن میں غرارے، شرارے، فراکس، میکسیز، مختلف انداز کے فلیپرز، ٹراؤزرز کے ساتھ پیپلم یا قمیصیں وغیرہ ان ہیں) زیبِ تن کیے خوشیوں، مسّرتوں کے شگوفے کِھلاتی، مُسکراتی، اِٹھلاتی نظر آتی ہیں۔ چوں کہ ان دِنوں شادی بیاہ کی تقریبات کا زور ہے،تو لیجیے، اسی مناسبت سے کچھ حسین و دِل کش، خُوش نما اور جدّت وندرت سے بَھرپور میکسیز کا ایک انتخاب پیشِ خدمت ہے ۔
ذرا دیکھیے، ساٹن سِلک فیبرک میں سُرخ رنگ میکسی کا اندازکیسا پیارا لگ رہا ہے۔میکسی کا گھیر بالکل پلین ہے،لیکن اَپر ہاف شِمر فیبرک کا ہے،جس پر زَری کا کام اور ستارہ ورک بہت جچ رہاہے۔ پیور گِرے رنگ میںڈبل لیئر میکسی کی دِل آویزی بھی کمال ہے۔ اِس میکسی کا اِنر پلین سِلک میں، جب کہ اَپر نیٹ کا ہے،جس پر زَری کے ساتھ نلکیوں اور نگوں کا انتہائی خُوب صُورت کام کیا گیا ہے۔اسی طرح جارجٹ فیبرک میں سُرخ رنگ کی ڈبل لیئر کام دار میکسی ہے، جس کے گلے پر بھاری کام ہے، تو گھیر پر جابجاستارے ٹانکے گئے ہیں۔جب کہ میجنٹا رنگ میں ساٹن سِلک کی ویسڑن اسٹائل می کسی کے بھی کیا ہی کہنے۔
ان میں سےکوئی بھی رنگ وانداز منتخب کرلیں، نو خیز حُسن کچھ اور بھی نکھر جائے گا اور سَکھی سہیلیاں، ہم جولیاں آپ ہی آپ کہنے پر مجبور ہوجائیں گی کہ؎’’ ہم اس کے سامنے حُسن و جمال کیا رکھتے…‘‘