• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کے فیصلوں سے مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی، فردوس اعوان

کابینہ کے فیصلوں سے مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی، فردوس اعوان


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے بعد مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں عوامی مشکلات اور مہنگائی پر بحث ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہنا کہ کابینہ کے آج کے فیصلوں سے کمر توڑ مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو آئندہ 5 ماہ تک ماہانہ 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹا 800 روپے میں دستیاب ہوگا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 20 ہزار یوٹیلٹی ریٹیل سینٹرز کھولے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 4لاکھ قرض فراہم کیے جائیں گے۔

فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ ملک کے 12بڑے شہروں میں یوٹیلٹی کیش اینڈ کیری سینٹرز بھی کھولے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان شروع ہونے سے پہلے مستحق افراد کے لیے راشن کارڈز جاری کیے جائیں گے جبکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت 43 لاکھ خواتین کو ماہانہ دو ہزار روپے دیے جارہے ہیں۔

فردوس اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کو ووہان میں موجود پاکستانی طلبا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ملک میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کی وجوہات سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں لیے گئے معاہدوں کی قیمت عوام کو چکانا پڑ رہی ہے، ایسے شخص نے مہنگی ایل این جی کا معاہدہ کیا جو بدقسمتی سے ملک کا وزیراعظم بھی بنا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے حج پالیسی 2020 کی منظوری بھی دے دی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں مزید اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین