• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحٰق ڈار کا گھر نیلام کرنے پرحکم امتناع میں 4 مارچ تک توسیع

اسحٰق ڈار کا گھر نیلام کرنے پرحکم امتناع میں 4 مارچ تک توسیع


مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے گھر کی نیلامی پر عدالتی حکم امتناع میں 4 مارچ تک کی توسیع کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پر مشتمل بینچ نے اسحٰق ڈار کے گھر کی نیلامی پر حکم امتناع سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

اسحٰق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحٰق کی درخواست پر نیب حکام عدالت میں جواب جمع نہیں کرواسکے۔

عدالت عالیہ نے نیب کو 4 مارچ تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا اور حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ حکومت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیے گئے اسحاق ڈار کے لاہور کے ایچ بلاک گلبرگ میں موجود گھر کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

28 جنوری کو ہونے والی نیلامی میں کوئی خریدار سامنے نہیں آیا، تاہم اسحاق ڈار کی اہلیہ نے عدالت سے رجوع کیا تو عدالت نے گھر کی نیلامی پر حکم امتناع جاری کیا۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اس جائیداد کی نیلامی کا عدالتی حکم امتناع آنے کے بعد نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب حکومت نے اسے پناہ گاہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

اسحاق ڈار کے 4 کنال 17 مرلہ کے ہجویری ہاؤس کو پناہ گاہ بنا دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللّٰہ رانجھا نے ہجویری ہاؤس کے 12 کمروں میں غریبوں اور بے سہارا لوگوں کیلئے بیڈز لگوا دیے تھے۔

اس گھر کے ورثا کی جانب سے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے خلاف بھی لاہور ہائی کورٹ سے رابطہ کیا گیا، تاہم عدالت نے اس پر بھی حکم امتناع جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے جواب بھی طلب کرلیا تھا۔

تازہ ترین