لاہور کے علاقے گلبرگ میں اسحاق ڈار کے گھر میں قائم پناہ گاہ کو ختم کرکے ہجویری ہاؤس کے سامنے گراؤنڈ میں عارضی پناہ گاہ بنانے کیلئے کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اسحاق ڈارکی رہائش گاہ کو پناہ گاہ بنانے کے خلاف حکم امتناع جاری کیے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہجویری ہاؤس کے باہر لگا پناہ گاہ کا بورڈ بھی ہٹا دیا ہے ۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے گراؤنڈ میں کنٹینر میں عارضی پناہ گاہ بنائی جائے گی جس کے لیے گراؤنڈ میں کنٹینر بھی پہنچا دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عارضی پناہ گاہ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کا عملہ موجود ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیے گئے اسحاق ڈار کے لاہور کے ایچ بلاک گلبرگ میں موجود گھر کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ ماہ 28 جنوری کو ہونے والی نیلامی میں کوئی خریدار سامنے نہیں آیا، تاہم اسحاق ڈار کی اہلیہ نے عدالت سے رجوع کیا تو عدالت نے گھر کی نیلامی پر حکم امتناع جاری کیا۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اس جائیداد کی نیلامی کا عدالتی حکم امتناعی آنے کے بعد نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب حکومت نے اسے پناہ گاہ بنانے کا فیصلہ کیا۔
اسحاق ڈار کے 4 کنال 17 مرلہ کے ہجویری ہاؤس کو پناہ گاہ بنا دیا گیا تھا۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹوئٹر پر اپنی رہائش گاہ کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وزیراعظم اور پنجاب حکومت کا گٹھ جوڑ قرار دیا تھا، جبکہ شہباز شریف نے حکومت کے اس اقدام کو سیاسی انتقام اور گری ہوئی حرکت قرار دیا تھا۔