• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ اسٹیڈیمز صوبائی ایسوسی ایشنز کے حوالے کرنے پر غور

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ایک منفرد تجویز پر سنجیدگی سے کام کررہا ہے جس کے تحت ملک کے تمام بڑے کرکٹ گرائونڈز کا چارج صوبائی ایسوسی ایشن کو دے دیا جائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملکیت ہیں لیکن پی سی بی ملک کے تمام گرائونڈز کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ نئے نظام کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجائے صوبائی ایسوسی ایشن گراونڈز کی دیکھ بھال کریں گی ۔ اسٹاف کیتنخواہ بھی ایسوسی ایشن کو دینا ہوگی۔ پی سی بی ،گراونڈز پر لگنےوالا پیسہ کرکٹ کی ترقی کے لئے خرچ کرے گا۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ گراونڈز کی دیکھ بھال ہمارے لئے ممکن نہیں ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہتجویزکے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن ، ملتان اسٹیڈیم سدرن پنجاب، قذافی اسٹیڈیم سینٹرل پنجاب، راولپنڈی اسٹیڈیم ناردرن ، ارباب نیاز اسٹیڈیم کے پی کے اور بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ بلوچستان ایسوسی یشن کی ملکیت ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز قابل عمل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی انٹر نیشنل یا ڈومیسٹک میچ کے لئے اسٹیڈیم ایسوسی ایشن سے کرائے پر لے گا۔ دنیا بھر میں یہی سسٹم موجود ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ ، لارڈز ٹیسٹ کے لئے ایم سی سی کو معاوضہ ادا کرتا ہے اسی طرح کرکٹ آسٹریلیا وکٹوریہ سے میلبورن کرکٹ گراونڈ کرائے پر حاصل کرتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان اس بارے میں قانون سازی کررہے ہیں تاکہ صوبائی ایسوسی ایشن کے ساتھ ایم او یو سائن کرکے اسے قانونی شکل دی جائے۔

تازہ ترین