• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرونا وائرس کا خوف، موبائل ورلڈ کانگریس منسوخ

کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب بڑی ایگزیبیشن دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈیبلیو سی) 2020 منسوخ کر دی گئی۔

موبائل ورلڈ کانگریس 2020 کا انعقاد 24 تا 27 فروری اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونا تھا جس میں دنیا بھر سے اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شرکت کرنا تھی۔

ایم ڈبلیو سی کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث تقریب منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔

ایونٹ کی انتظامیہ جی ایس ایم اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ محفوظ، صحت مند اور میزبان ملک اسپین میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس 2020 دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے خوف کے باعث منسوخ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفری اور دیگر حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ کانفرنس کرنا اب ناممکن ہے، میزبان ملک میں شرکت کرنے والی شخصیات اور کمپنیاں ہمارے اس فیصلے کو سمجھنے کے ساتھ اس کا احترام بھی کر رہی ہیں۔

جی ایس ایم اے کے سربراہ نے چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ایم ڈبلیو سی 2021 کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کو جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث متعدد کمپنیوں نے موبائل ورلڈ کانگریس 2020 میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

تازہ ترین