• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جدید، دلکش اور تمام سہولیات سے آراستہ رہائش ضرورت بنتی جارہی ہے۔ جدید طرز رہائش مکینوں کو پُرسکون ماحول فراہم کرنے کا باعث ہوتی ہے۔ آجکل مکانات اور اپارٹمنٹس کی تعمیر میں جدید سہولتوں کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے جبکہ خریدار بھی ایسے مکان یا اپارٹمنٹ کی خریداری میں زیادہ دلچسپی دکھاتے ہیں۔ 

یہ تو بات ہوگئی نئی تعمیرات کی مگر اس مکان کا کیاجس میں آپ برسوں سے رہائش پذیر ہیں یا پھر آپ نے کوئی ایسامکان خریدا ہے جو پرانے طرز پر بنا ہے؟ اگر آپ کے ساتھ ان دونوں میں سے کوئی بات ہے تو آپ روایتی طرز پر بنے مکان کو ذیل میں دیے گئے چند خاص اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بآسانی جدید سہولتوں والے مکان میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

ڈی کلٹرنگ

ایک روایتی مکان کو جدید بنانے کا سب سےآسان طریقہ ڈی کلٹرنگ ہے۔ اس کے لیے سب سے پہلے گھر کے تمام سامان مثلاً آرائشی اشیا، وال پینٹنگز اور مصنوعی پھول پودوں پر ایک نظر ڈالیں۔ اس سامان میں سے ان چیزوں کو علیحدہ کرلیں جن کا فیشن کسی دور میں بھی پرانا نہیں ہوتا مثلاً دھات کی بنی آرائشی اشیا۔ 

باقی رہ جانے والے سامان میں سے ہوریزونٹل (اُفقی ) سطح والا سامان نکال دیں کیونکہ جدید طرز کے گھر میں یہ آؤٹ آف فیشن تصور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح آپ کو کچن کیبنٹس میںآرائشی اشیا رکھنے کی ضرورت نہیں، لہٰذا وہاں موجود تمام آرائشی اشیا کو ایک بڑے سے کنٹینر میں رکھ کر محفوظ کرلیں۔ ڈی کلٹرنگ کے دوران ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ کسی ایک کمرے میں تمام فرنیچر سیٹ کرنے کے بجائےاس فرنیچر کو مختلف کمروںمیںسیٹ کریں۔ یہ عمل آپ کے گھر کو ایک نیا لک دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

شوخ رنگ

ڈی کلٹرنگ کے بعد دوسرا مرحلے میں یہ دیکھیںکہ کمروں یا کچن کی دیواروںسے پلستر تو نہیں اتر رہا یا باتھ روم کے ٹائلز اتنے خراب تو نہیں ہو رہے کہ انہیں بدلنے کی ضرورت ہو۔ جن چیزوں کی مرمت کرنا مقصود ہو اسے کروالیں ۔ مرمت کے کام سے فراغت کے بعد گھر کےرنگ وروغن پر توجہ دیں۔ اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو پورے گھر میں رنگ و روغن کروالیں لیکن اگر ایسا نہ کرسکیں توہر کمرے کی ایک دیوار پر شوخ رنگ کروائیں۔ کمرے کی دیوار پر شوخ یا گہرے رنگ کے ذریعے آپ اپنے کمرے کو بہت زیادہ پیسے خرچ کیے بغیر خوبصورت اور منفرد بناسکتے ہیں۔

چھت کی آرائش

ماضی میں دیواروں کی سجاوٹ ایک مقبول ٹرینڈ تھا لیکن عصر حاضر میں دیواروں کے لیے وال پیپر جبکہ کمرے کی چھتوں کے لیے مخصوص آرائشی ٹرینڈز پر عمل کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے فالس سیلنگ ٹرینڈ میں ہے لیکن اس کے لیے اچھا خاصا بجٹ ہونا ضروری ہے۔ تاہم برطانوی انٹیریر ڈیزائنر ایلیسا کے لیونگ روم کی سیلنگ ڈیکوریشن اس حوالے سے آپ کی رہنمائی کرسکتی ہے۔ ایلیسا نے اپنے لیونگ رو م کی چھت کو پینٹ کروانے کے بعد اس کی سجاوٹ کے لیے ایک خوبصورت دھاتی اسٹائل والا فانوس نصب کیا ہے، جو لیونگ روم میں داخل ہوتے ہی جدت کا احساس دلاتا ہے۔

فن پارے

مہمانوں کو اپنے اعلیٰ ذوق سے متاثر کرنے کے لیے آپ گھر میں اپنے پسندیدہ فن پارے لگاکر ان سے داد وصول کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو آپ روایتی رنگین اور پُرتکلف فن پاروں کی جگہ لیونگ رو م اور بیڈروم کی دیواروں کے لیے جدید مگر سادہ فریمنگ پر مشتمل ٹرینڈی آرٹ ورک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آرٹ ور ک یا وال ہینگ کے لیے گولڈن کلر کا انتخاب کریں کیونکہ یہ رنگ گھر کے جس کسی بھی حصے میں ہو تو اسے شاہانہ انداز فراہم کرتا ہے۔

کیبنٹس پر رنگ وروغن

کچن میں خواتین کا سب سے زیادہ وقت گزرتا ہے، لہٰذا اس کا جدید ہونابھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے کچن کی مکمل طور پر تزئینِ نو کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ پرانے کیبنٹس پر رنگ وروغن کے ذریعے بھی اپنے روایتی کچن کو ایک جدید کچن میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ 

کیبنٹس پر رنگ وروغن کے لیے کسی ایک کے بجائے مختلف رنگوں کا انتخاب کیجیے مثلاً لال، سیاہ اور سفید۔ ان تین رنگوں کا خوبصورت امتزاج کچن کو کچھ جدا اور دلکش دکھانے کے لیے بہترین ہے۔ کیبنٹس کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے آپ ان کے پرانے ہینڈلز کو دیدہ زیب میٹل والے ہینڈلز سے تبدیل کرسکتے ہیں۔

باتھ روم میں جدت

ایک جدید طرز کے باتھ روم میں اسٹائل اور ہم آہنگی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ بیسن اور باتھ ٹب سے لے کر چھوٹے سے چھوٹے لوازمات تک اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہر چیز باتھ روم کو ایک جدید اندازدے۔ باتھ روم میں جدت لانے کے ایک نہیں کئی طریقے موجود ہیں، آپ نہانے کی جگہ کو علیحدہ کرنے کے لیے ایک خوبصورت دیوار کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں، جس کے لیے ان دنوں گلاس ٹائلز ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ 

دوسری جانب ایک چھوٹی کیبنٹ (Vanity cabinet)بھی باتھ روم میں نصب کروائی جاسکتی ہے۔ باتھ روم کی کسی ایک دیوار پر مستطیل یا ڈائمنڈ شیپ کے ٹائلز لگاکر اسے جدید انداز دیا جاسکتا ہے۔

ایک آخری اور اہم بات یہ کہ گھر کی اندرونی سجاوٹ و تبدیلی کے دوران بیرونی حصے کی خوبصورتی پر توجہ دینا بھی بے حد ضروری ہے۔ اس مقصد کےلیے گھر کے بیرونی حصے کے لیے خوبصورت اور ٹرینڈی رنگوں کا انتخاب کریں۔

تازہ ترین