• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں کئی ریکارڈز کے مالک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے کامران اکمل نے گذشتہ چار سالوں کے دوران کئی بار میچ وننگ کارکردگی دکھائی ہے۔ وہ کئی ریکارڈز کے مالک بھی ہیں۔ اوپنر کامران اکمل 1286 رنز بناکر پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 134.51 ہے۔ وہ ایونٹ میں 2 سنچریاں (104 اور 107 ناٹ آؤٹ) بناچکے ہیں ۔ کامران اکمل ہی کامیاب ترین وکٹ کیپر ہیں۔ وہ وکٹوں کے پیچھے کْل 39 شکار کرچکے ہیں، جس میں31 کیچز اور 8 اسٹمپ آؤٹ شامل ہیں۔ایونٹ کی پہلی سنچری لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں شرجیل خان نے بنائی تھی۔ انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف 117 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ لیگ میں تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ مشترکہ طور پر کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کے پاس ہے۔ دونوں کھلاڑی ایونٹ کے دوران 17 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی کامران اکمل کے پاس ہے۔ وہ ایونٹ کے گذشتہ چار ایڈیشنز میں 67 اور شین واٹسن 65 چھکے لگا کر اس فہرست میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے وہاب ریاض کی لیگ میں وکٹوں کی تعداد 65 ہے۔ پشاور زلمی کے ہی حسن علی 51 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے سب سے کامیاب بولر ہیں۔ لیگ میں سب سے زیادہ 5 میڈن اوورز کروانے کا منفرد ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ چار میڈنز کے ساتھاس فہرست میں دوسرا نمبر محمد عامر کا ہے۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 6،6 مرتبہ پی ایس ایل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ پانچ پانچ ایوارڈز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر محمد سمیع اور شین واٹسن موجود ہیں۔

تازہ ترین