• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز اور بلاول ایک جیسی صورتحال سے دوچار ہیں، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال امید کرتا ہوں مریم نواز کی خاموشی کسی ڈیل کی وجہ سے نہیں، بلاول بھٹو، کیا چیئرمین پیپلز پارٹی کی امید درست ثابت ہوگی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو آج کل ایک پیج پر بھی ہیں اور ایک جیسی صورتحال سے دوچار بھی ہیں۔

دونوں اس وقت سیاست نہیں کررہے صرف تماشا دیکھ رہے ہیں،ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمٰن کو سیاسی طور پر متحرک کرنا چاہتی ہے تو ضرور ان کیخلاف مقدمہ بنائے۔

سلیم صافی نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو آج کل ایک پیج پر بھی ہیں اور ایک جیسی صورتحال سے دوچار بھی ہیں۔

دونوں اس وقت سیاست نہیں کررہے صرف تماشا دیکھ رہے ہیں، ان دونوں کو اپنے اپنے والد کے کیسوں اور صحت کی فکر ہے، دونوں اس انتظار میں ہیں کہ ہم کچھ نہ بولیں کوئی تیسرا فریق ان کیلئے حکومت گرا کر میدان سجادے، بلاول جمہوریت اور صحافتی آزادی کے چیمپئن بنتے ہیں۔

سینئر صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانا ان کا امتحان ہے، چیف جسٹس کو عزیز میمن کے ساتھ پچھلے دس برسوں میں قتل کیے جانے والے تمام صحافیوں کے کیسوں کا نوٹس لینا چاہئے۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کا یہ گھریلو اندرونی معاملہ ہے ہم اس میں مداخلت کرنے والے کون ہوتے ہیں، بلاول کے والد پر بھی سیاسی سکوت طاری ہے اس کا کیا جواز ہے۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل پر نوٹس لینا چاہئے، بلاول کس بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز کی خاموشی ڈیل کی وجہ سے نہیں ہے، نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ لاپتہ ہوگیا ہے، مریم نواز کی ٹوئٹر کہانیاں اور جلسے کہاں غائب ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین