وزیرِ ریلوے شیخ رشیداحمد کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن دھرنا نہیں دیں گے، وہ اگر دھرنا دیں گے تو دھر لیے جائیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بچپن نہیں جوانی کے کیس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں فیصلہ ہوا تھا کہ مریم کو نہ جانے دیا جائے، نواز شریف نے واپس نہیں آنا جبکہ مریم نواز نے باہر نہیں جانا۔
شیخ رشید نے کہا کہ جو مرضی چاہیں مہم چلا لیں مگر وزیرِ اعظم عمران خان 5 سال پورے کرنے جا رہے ہیں، وہ یہیں ہیں انہوں نے کہیں نہیں جانا۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف میری پارٹی کے ہیں، شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ کیبنٹ کی میٹنگ اچھی تجاویز کی تیاری کے باعث تاخیر سے ہو رہی ہے، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) 2ارب ڈالرز کا منصوبہ ہے۔
وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت میں فریم ورک منصوبے پر اتفاق ہو گیا ہے، سندھ حکومت کے سی آر عملی طور پر مکمل کرنا چاہتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کا آرڈیننس نائیک صاحب اور فروغ نسیم مل کر بنا رہے ہیں، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے، عدالتوں کے آگے حکومت بے بس ہوتی ہے۔