بھارت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے سے قبل بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغربی بھارتی ریاست گجرات کے صدر مقام احمد آباد میں مقامی حکام نے شہر کے پان کی دکانوں کو سیل کردیا ہے، جبکہ کچی آبادیوں کے گرد یا تو دیواریں تعمیر کی جارہی ہیں یا پھر انھیں وہاں سے نکالا جارہا ہے۔
تاہم اس حوالے سے احمدآباد شہر کے میونسپل کمشنر وجے نہرا نے بدھ کو وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کے دورے کے حوالے سے اس قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ہزاروں پان کی دکانیں ہیں، یہ تمام کھلی ہوئی ہیں، یہ رپورٹ نہ صرف گمراہ گن ہے بلکہ بے بنیا بھی ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اور خاتون اول ملینیا ٹرمپ 24 سے 25 فروری تک دورہ بھارت پر ہوں گے۔ اپنی آمد کے پہلے روز صدر ٹرمپ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کا دورہ بھی کریں گے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ عموماً سگریٹ خریدنے والے گاہک سگریٹ استعمال کرکے اسے پھینک دیتے ہیں اور پان کی پیک ہر جگہ تھوکتے ہیں، جس کی وجہ سے علاقوں کو صاف رکھنا مشکل ہوتا ہے، اگرپان کی دکانیں کھلی رہیں تو پھر صفائی برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے ایئرپورٹ سرکل میں تین پان شاپس سیل کی ہیں۔ جبکہ کچی آبادیوں کے اردگرد دیواریں تعمیر کرکے انھیں امریکی صدر کی نظروں سے اوجھل کردیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پان شاپس کے باہر نوٹس آویزاں کردیے گئے ہیں جس میں تحریر ہے کہ اگر دکان کے مالک نے سیل کو کھولنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد احمد آباد ائیرپورٹ کے اطراف کی سڑکوں اور دیواروں کی صفائی کو یقینی بنانا ہے۔ جبکہ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ جن کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نوتعمیر شدہ موتیرہ اسٹیڈیم کے قریب واقع کچی آبادی کے 45 خاندانوں کو بے دخلی کے نوٹس دیے گئے ہیں۔
کچی آبادیوں کو مکینوں کو نوٹس کے اجرا کے حوالے سے میونسپل کمشنر وجے نہرا نے دعویٰ کیا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ انھیں ایک موقع دیا جائے کہ وہ مالکانہ حقوق کے دستاویزات پیش کرسکیں اور اسکا امریکی صدر کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومت انھیں آنے والے وقت میں متبادل جگہ فراہم کرے گی، تاہم مکینوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اس وقت کیوں طلب کیا جارہا ہے جب امریکی صدر دورہ کر رہے ہیں۔
یادر ہے کہ صدر ٹرمپ بھارتی وزیراعظم مودی کے ہمراہ سبرامتی آشرم کی یاترا کریں گے، جبکہ یہ بھی امکان ہے کہ دونوں رہنما موتیرہ میں ایک نئے کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کرینگے اور لوگوں سے خطاب بھی کرینگے۔