وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومتی وکیل عدالت میں بتا چکا ہے کہ پرویز مشرف کو باہر جانے دیا گیا تو وہ کبھی واپس نہیں آئیں گے، اس کے باوجود ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کہا گیا تو حکومت کیا کر سکتی تھی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس فیصلے پر اعتراض تھا تو وہ خود اس کیس میں فریق کیوں نہیں بنی؟خصوصی عدالت اور ہائی کورٹ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا کہہ چکی تھیں،ہم ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرتے تو پرویز مشرف خود ہی باہر چلے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وکیل عدالتوں میں واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پرویز مشرف عدالت حاضر نہ ہونے کے لیے بہانے بناتے رہتے ہیں، ان کو باہر جانے دیا تو وہ کبھی واپس نہیں آئیں گے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اس کیس میں اپنا وکیل تک فراہم نہ کر سکی، حالانکہ ایان علی کیس میں اس نے وکیل فراہم کیا ہوا ہے۔