• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹے لیونگ روم کو بدلنے اور اس میں جدت لانےکے لیے آپ کو چنداں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اگر کوئی اچھوتا خیال ذہن میں نہ کوندے تو آپ اپنے لیونگ روم کو خوبصورت بنانے کے لئے جمالیاتی (Asthetic) فرنیچر استعمال کرنے کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ آسان ڈیزائنز کا انتخاب کرکے کمرے میں مزید گنجائش بھی نکالی جاسکتی ہے۔ لیونگ روم کے لیے درست اشیا کا انتخاب کرنے کے بعد انھیں منظم کرکے یا ترتیب سے سجا کر آپ اپنے لیونگ روم کو متاثر کن بنا سکتے ہیں۔ 

عمدہ لائٹنگ، رنگوں کے انتخاب اور اچھوتے اسلوب سے آ پ اپنے مہمانوں کو دنگ کرسکتے ہیں۔ تاہم اکثر لوگ لیونگ روم کے انداز کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہوتے ہیں اور وہ فیصلہ نہیں کرپاتے کہ اسے کیسا ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں ایک انٹیریئر ڈیزائن کمپنی نے 9 لاکھ 16 ہزار 645لیونگ رومزکے ڈیزائن کا تجزیہ کیا اور اعداد شمار کے ذریعے لیونگ روم کے سب سے مشہور انداز جاننے میں کامیاب ہوگئے۔ مثال کے طور پر 21.72٪ فیصد لیونگ روم میں روایتی انداز پایا گیا، جو مقبولیت کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر تھا۔ لیونگ روم کے انداز کے حساب سے شرح کچھ یوں ہے۔

ہم عصر (29.09فیصد)، روایتی (21.72فیصد)، عبوری (13.49فیصد)، جدید (11.83فیصد)، الیکٹرک (5.45فیصد) دیہی (3.08فیصد)، بیچ اسٹائل (2.68فیصد)، میڈیٹیرین (1.93فیصد)، کرافٹس مین (1.92فیصد)، اسکینڈےنیوین (1.87فیصد) فارم ہاؤس (1.81فیصد)، مڈسنچری (1.60فیصد)، صنعتی (0.97فیصد)، ایشین (0.95فیصد)، ٹروپیکل (0.61فیصد) ،شیبی چِک اسٹائل( 0.3فیصد)، وکٹورین (0.35فیصد) اور جنوب مغربی (0.28فیصد)۔

آپ ان انداز کو انٹرنیٹ کے ذریعے سرچ کرکے اپنے لیونگ روم کو وہی روپ دے سکتے ہیں۔ ان کے علاوہ بھی لیونگ روم کو اچھوتا اور منفرد انداز دینے کے لیے چند مشورے حاضر ہیں۔

رنگوں پر زور

لیونگ روم میں آپ فرنیچر کے اثر کو بڑھانے اور اشیا کے مابین امتزاج پیدا کرنے کے لیے کچھ خاص رنگوں کا استعمال کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر لیونگ روم میں گلابی رنگ کے صوفے اور کشن ہیں تو اس کی دیواروں پر بھی گلابی یا اس سے ملتا جلتا رنگ کروائیں یا پھر ایسے وال پیپرز کا استعمال کریں، جس سے کمرے کی خوبصورتی اُبھرے۔

فرنیچر

جس طرح فرنیچر کی مناسبت سے دیواروں کا رنگ منتخب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، اسی طرح آپ لیونگ روم کے رنگ کے حساب سے فرنیچر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ فرنیچر خوبصورت ہونے کے ساتھ کم جگہ گھیرنے والا ہونا چاہیے تاکہ آپ کا لیونگ روم کشادہ دکھائی دے۔ مختلف رنگوں کا امتزاج اور ان کا دانشمندانہ استعمال کمرے کی کشادگی کی وجہ بنتا ہے۔

روشنی کا عمدہ انتخاب

رنگوں کی طرح عمدہ روشنی اور اس کے مختلف زاویے بھی کمرے کی دلکشی کو چار چاند لگاتے ہیں۔ کمرے کے مرکزی حصے میں لٹکتی ہوئی سادہ روشنی اچھا تاثر پیش کرتی ہے۔ لیونگ روم کو روشن کرنے کیلئے ایسی لائٹس کا انتخاب کریں جو آنکھوں کیلئے سکون کا باعث ہوں ۔

آرٹ ورک

کسی ایک دیوار کو اگر آپ آرٹسٹک لُک دے دیںتو اس سے آپ کے لیونگ روم میں ایک نئی دلکشی پیدا ہوجائے گی۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی ایک آرٹ ورک کو دیوار پر لٹکا دیں بلکہ اس سے مراد ہے کہ آپ پوری دیوار کو استعمال کرتے ہوئے اسے مختلف قسم کے آرٹ ورک سے متاثر کن بنائیں۔

دلچسپ بیک ڈراپ

کسی مخصوص دیوار کو پینٹ کرنے یا کسی دیوار پر دلچسپ بیک ڈراپ لگانے سے آپ کا لیونگ روم ایک ڈرامائی شکل اختیار کرجائے گا۔ کوشش کریں کہ بیک ڈراپ کسٹمائزڈ ہو یعنی آپ جب چاہیں اسے آپ تبدیل کرلیں، اس طرح آپ یکسانیت کی وجہ سے اکتائیں گے نہیں اور آپ کے مہمان بھی ہر کچھ عرصے بعد بیک ڈراپ کی تبدیلی دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔

تھیم بنائیں

کلاسیکی لحاظ سے ڈیزائن کیا ہوا کمرہ کسی موضوع پر بھی مبنی ہوسکتا ہے۔ کچھ انوکھا کرنا ہو تو گہرے رنگ کی اسکیم اور روشنی کے مختلف ذرائع لیونگ روم کو اچھوتا بنا سکتے ہیں۔ آرائشی سامان کے مختلف انداز اور رنگوں کے امتزاج سے کسی بھی چھوٹی سی جگہ کو کشادہ محسوس کروایا جاسکتا ہے۔

آئینوں کا استعمال

کمرے کو کشادہ دکھانے کا ایک بہترین طریقہ وہاں آئینے کی تنصیب ہے۔ لیکن لیونگ روم میں بڑے آئینے لگانے کے بجائے کیوں نہ ایسے آئینے لگائے جائیں جو نہ صرف حیرت انگیز نظر آئیں بلکہ جگہ کی توسیع کا بھی احساس پیدا کریں۔

میگزین ریکس

اگر آپ میگزین پڑھنے کے شوقین ہیں تو یقیناً انھیں سنبھال کر رکھنے کے مسئلہ کا بھی سامنا ہوگا۔ میگزین کو ادھر ادھر بکھرنے سے بچانے کے لیے انھیں سائڈ ٹیبل یا کافی ٹیبل کے نچلے حصے میں رکھ دیں۔ آجکل دلکش ڈیزائن والے میگزین ریکس بھی دستیاب ہیں جو اسٹوریج کے ساتھ ساتھ آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔

  کتابوں کی الماری

اگر آپ کے پاس فرش سے چھت تک جانے والی کتابو ں کی الماری ہے تو یہ بہت زبردست انداز میں ڈھالی جاسکتی ہے اور آپ اسے عمدگی سے منظم کر سکتے ہیں۔ اگر ایسی الماری نہیں ہے تو آپ بنوا بھی سکتے ہیں اور اس کے مختلف خانوں میں کتابوں کے ساتھ ساتھ آرائشی اشیا بھی رکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین