• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)فائیو کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو10 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز نے جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا لیکن پشاور زلمی کی ٹیم191رنز بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گر گئی، ٹام بینٹن 13 رنز بناکر کرس جارڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کراچی کنگز کو دوسری وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور صرف 4 رنز کے اضافے پر نئے آنے والے بیٹسمین حیدر علی کو 4 رنز پر جارڈن نے کلین بولڈ کردیا۔

شعیب ملک 16 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ کامران اکمل 26 گیندوں پر 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔لیام ڈاسن 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

128رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد لیونگ اسٹون اور کپتان ڈیرین سیمی نے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے کی بھرپور کوشش کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بناکر جیت کی امید پیدا کردی لیکن اس موقع پر ڈیرین سیمی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

یوں کراچی کنگز نے یہ میچ 10 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے کرس جارڈن نے دو، جبکہ محمد عامر، عمید آصف اور ڈیلپورٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کا پشاور زلمی کو ہدف

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا۔

بابر اعظم 78اور کپتان عماد وسیم 50رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 73 رنز پر گرنے کے بعد بابر اعظم اور عماد وسیم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 97 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 170 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر بابر اعظم 78 رنز کی اننگز کھیل کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

کراچی کنگز کے اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین عماد وسیم تھے جو 50 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

پشاور زلمی کی طرف سے حسن علی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد محسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، لیام لیونگسٹن ، شعیب ملک، لیام ڈاؤسن، وہاب ریاض، حسن علی، محمد محسن اور راحت علی شامل ہیں۔

دوسری جانب کراچی کنگز میں عماد وسیم(کپتان) ، بابر اعظم ، شرجیل خان، محمد رضوان، کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈوک والٹن، محمد عامر، عمیدآصف، کرس جارڈن، افتخار احمد اور ارشداقبال شامل ہیں۔

ایونٹ میں آج کا دوسرا میچ قدافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ہوم ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو ایونٹ کے تمام میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین