• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف

لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف


پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قلندرز کے اوپنر زفخرزمان اور کرس لائن نے 59 رنز کا اچھا آغاز دیا، قلندرز کو پہلا نقصان کرس لائن کی وکٹ کی شکل میں ہوا، وہ 39 رنز بناکر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر فخرزمان 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ بھی معین علی کے حصے میں آئی۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بین ڈنک اور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی لیکن بین ڈنک صرف 3 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 22 گیندوں پر 14 رنز کی سست رفتار اننگز کھیل کر عمران طاہر کو وکٹ دے بیٹھے۔ڈین ویلاس کو 19 رنز پر عمران طاہر نے کلین بولڈ کیا۔یوں 99 کے اسکور پر لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

مشکل صورتحال میں رنز بنانے کی ذمہ داری قلندرز کے کپتان سہیل اختر کے کاندھوں پر آئی، لیکن ڈیوڈ ویزےاُن کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین شاہین آفریدی 2 اور حارث رؤف بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، یوں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔

عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس نے دو، دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانزنے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھاکہ پہلے بیٹنگ اچھی رہے گی، ہوم گراؤنڈ میں شائقین کا جوش دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے  مکمل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، جیمس ونس، ریلی روسوو، معین علی، عمران طاہر، خوش دل شاہ، محمد الیاس، محمد عرفان، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، اور ذیشان اشرف شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کرس لائن، فخرزمان، سہیل اختر (کپتان) ڈین ویلاس، بین ڈنک، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویس، شاہین آفریدی، عثمان شنواری، حارث رؤف اور دلبر حسین پر مشتمل ہے۔

آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 10 رنز  سے شکست دی۔

تازہ ترین