پی ایس ایل کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے اعظم خان نے دھواں دار بیٹنگ کر کے ناقدین کو بھی تعریف کروانے پر مجبور کر دیا۔
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹ سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کرنے والے اعظم خان کو ٹیم میں منتخب کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
تنقید کا نشانہ بنانے کی ایک بڑی وجہ تو ان کا فربہی جسم تھا اور دوسرا یہ کہ اعظم خان پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کے بیٹے ہیں۔
میچ کے بعد ان کی پرفارمنس دیکھ کر اب ناقدین بھی ان کے معترف ہیں اور نوجوان کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد پُرمزاح میمز کے ذریعے اعظم خان کو سراہ رہے ہیں اور آنے والے میچز کے لیے مزید اچھی پرفارمنس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کررہے ہیں۔
اعظم خان کا ایک ویڈیو کِلپ بھی زیر گردش ہے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والوں کو جواب وہ اپنے بلّے سے دیں گے کیونکہ منہ تو کسی کا بند ہو نہیں سکتا۔
اعظم خان جب کھیلنے کے لیے میدان میں اُترے تو اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ شائقین نے ’پرچی‘ کا شور مچانا شروع کیا تاہم اعظم خان نے جلد ہی ان سب کو ’شٹ اپ‘ کال دے دی۔
بیٹے کی ناقابل یقین پرفارمنس سے جہاں کرکٹ شائقین محظوظ ہوئے وہیں سوشل میڈیا صارفین معین خان کا ممکنہ ردعمل بھی شیئر کرتے دکھائی دیئے۔
اعظم خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 59 رنز بنائے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
معروف اداکار فیصل قریشی بھی اعظم خان کو سراہتے ہوئے دکھائی دیئے۔
پاکستان ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود بھی اعظم خان کی بیٹنگ سے متاثر ہوئے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ 21 سالہ نوجوان کھلاڑی تعریف اور حوصلہ افزائی کا مستحق ہے۔
کچھ صارفین اعظم خان کو پاکستان کے بہترین ’اعظم‘ میں سے ایک اعظم قرار دے رہے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں حاصل کرلیا۔