کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ثابت ہو چکا ہے کہ نواز حکومت نے مشرف کے ملک سے فرار میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ورنہ یہ کیسے ہو سکتا تھا کہ عدالتوں کو مطلوب شخص قانون پر طنز کرتے ہوئے ملک سے باہر چلے جائیں۔ ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ہمیشہ احتساب صرف پاکستان پیپلزپارٹی کو ہوتا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین پاک دامن اور فرشتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صاف صاف نظر آرہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم سخت بیمار ہیں مگر جنرل مشرف صحت مند ہونے کے باوجود عدالتوں میں پیش ہونے سے کتراتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کی آڑ میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ سندھ سے زیادہ حالات پنجاب اور کے پی کے کے خراب ہیں مگر ان کا چرچا اس لئے نہیں ہوتا کیونکہ وہاں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں ہے۔