کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف مارچ میں واپس آکر بطور اپوزیشن لیڈر بھرپور کردار ادا کریں گے، نواز شریف جیسے ہی صحت مند ہوں گے اگلے دن واپس آجائیں گے، شہباز شریف چوبیس فروری کو نواز شریف کے مشکل آپریشن سے قبل واپس نہیں آسکتے، یہاں کون سی اہم قانون سازی ہورہی ہے جس پر شہباز شریف کی غیرحاضری محسوس کی جارہی ہے، نواز شریف نے آپریشن کیلئے مریم نواز کی موجودگی کی کوئی شرط نہیں رکھی تھی۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر، سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت، اسپورٹس صحافی یحییٰ حسینی اور سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر سے بھی بات کی گئی۔عرفان قادر نے کہا کہ انور منصور خان کے سامنے حقائق تھے تو انہیں استعفیٰ نہیں دینا چاہئے تھا، انور منصور کو عدالت کو اعتماد میں لے کر سچ بولناچاہئے تھا، حکومت او ر بار کونسل نے انور منصور خان کا ساتھ نہیں دیا اس لئے وہ گھبراگئے۔سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 27میں سے 14نکات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرچکا ہے، ایف اے ٹی ایف نے باقی نکات پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کو جون تک کی مہلت دی ہے ، پاکستان کیلئے اگلے دو ڈھائی مہینے زیادہ اہم ہیں، مئی میں ہونے والی میٹنگ سے پہلے پاکستان کو اپنے ایکشن کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔سکندر بخت نے کہا کہ ملک اور کرکٹ بیچنے والے کا ہمیشہ کیلئے گراؤنڈ میں داخلہ منع ہونا چاہئے، یہاں جو لوگ میچ فکسنگ میں شامل ہوتے ہیں انہیں بڑے کانٹریکٹس ملتے ہیں۔یحییٰ حسینی نے کہا کہ عمر اکمل کا معاملہ صرف بکی سے بات رپورٹ نہ کرنے کا نہیں بلکہ کچھ آگے کا ہے۔