• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، اکمل کی ریکارڈ سنچری، زلمی کو کامران کردیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست

سپر لیگ، اکمل کی ریکارڈ سنچری، زلمی کو کامران کردیا


کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) کامران اکمل نے ریکارڈ ساز سنچری بناکر پشاور زلمی کو کامران کردیا۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں ریکارڈ تیسری سنچری اسکور کی ۔ کامران اکمل کی دھواں دار بیٹنگ نے پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹ سے ہرادیا اور ٹورنامنٹ میں پہلی شکست سے دوچار کردیا۔ کامران اکمل نے سنچری مکمل کی اور اگلی ہی گیند پر فواد احمد کی گیند کی پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 55گیندوں پر 13 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 101رنز بنائے ۔ یہ پی ایس ایل کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔ تیزترین سنچری کیمرون ڈیل پورٹ نے49گیندوں پر بنائی تھی۔ ہفتے کو پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد نے 2 جبکہ سہیل خان اور ٹائمل ملز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی کے ٹام بینٹن تین رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ اس کے بعد کامران اکمل اور حیدر علی نے بولنگ کو بے اثر کردیا۔ کامران نے نصف سنچری صرف20گیندوں پر بنائی جس میں تین چھکے اور8 چوکے شامل تھے۔ حیدر علی 25رنز بناکر سہیل خان کا شکار بنے، دونوں کے درمیان 60 گیندوں پر82 رنز بنے۔ شعیب ملک مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے۔ چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 148رنز بنائے، جیسن روئے 73رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ انہوں نے57 گیندیں کھیلی جس میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ گذشتہ میچ کے ہیرو اعظم خان نے9گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض نے21رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حسن علی نے چار اوورز میں22رنز دیے۔ راحت علی نے38، عامر خان نے24 اور ڈیرن سیمی نے ایک اوورز میں9 رنز دے کر ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ احمد شہزاد نے لیام ڈاسن کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن نوجوان محمد عامر خان نے ٹام بینٹن کی مدد سے ان کی 12رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ کپتان سرفراز احمد نےتیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔انہوں نے جیسن روئے کے ہمراہ 62رنز کی شراکت قائم کی ۔ سرفراز 41 رنزبناکراپنے ہم منصب ڈیرن سیمی کی پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد اگلے گیند پر ٹام بینن کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے یہ رنز 25 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔دریں اثنا لاہور میں دن کے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے مات دیدی۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ ذیشان اشرف 50 اور جیمز ونس 42 اور کپتان شان مسعود 21رنز بناکر نمایاں رہے۔ عماد بٹ نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کیلئے لیوک رونکی اور کولن منرو نے پہلی وکٹ پر 92 کی شراکت قائم کی۔ کولن منرو 50 جبکہ لیوک رونکی بھی 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کولن انگرام اور ڈیوڈ ملان نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور باآسانی ہدف حاصل کرلیا۔ ملتان کی جانب سے آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین