• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت پڑی حاضر ہوجاؤنگا، احمد گوڈیل کا یوٹرن

کراچی (ایجنسیاں) پی ایس ایل سیزن 5 کی افتتاحی تقریب میں اپنی میزبانی پر شدید تنقید کے بعد نوکری سے ہاتھ دھونے والے احمد گوڈیل نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت پڑے گی میں ہر چیز بھلا کر حاضر ہوجاؤں گا۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں ہونے والی بدنظمی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور علی ظفر کے حوالے سے بیان دینے کے بعد احمد گوڈیل کو پی سی بی کی جانب سے معطل کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ پر برستے ہوئے کہا تھا جس وقت مجھے میرے ادارے کی ضرورت تھی اسی ادارے نے مجھ پر سے ہاتھ اٹھالیا اور کہا جا اپنی جنگ خود لڑو ۔ جس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے دس دس گھنٹے کام کیا اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا۔تاہم اب اچانک احمد گوڈیل نے یوٹرن لیتے ہوئے ایک بار پھر پی سی بی اورپی ایس ایل کے لیے اپنی خدمات پیش کردی ہیں۔ احمد گوڈیل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور اس کا ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر شیئر کیا جس میں وہ کہہ رہے ہیں میں بطور پروفیشنل آرٹسٹ اور بطور انسان آج آپ سے بس یہی کہوں گا کہ پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت پڑے گی میں ہر چیز کو ایک طرف رکھ کر ہمیشہ حاضر ہوجاؤں گا۔ اس ویڈیو کے ساتھ احمد گوڈیل نے پیغام بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ بھی ہوا وہ سب غیر متوقع تھا اور مجھے اس پر بالکل بھی فخر نہیں ہے۔ بہرحال میں نے اس تجربے سے بہت زیادہ سبق حاصل کیا اور اب میں صاف دل اورصاف ذہن سے آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔

تازہ ترین