• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ،آج پنڈی میں میدان سجے گا،ٹاپ ٹیمیں مدمقابل

راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پنڈی اسٹیڈیم میں جمعرات کو نئے باب کا اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی، لاہور اور ملتان کے بعد پنڈی میں پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا میچ دو مضبوط ٹیموں میزبان اسلام آباد یونائیٹڈاور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد اس وقت پوائنٹس ٹیبل پردوسرے اور کوئٹہ تیسرے نمبر پر ہے۔ دونوں نے تین میچ کھیلے ہیں دو جیتے اور ایک میچ ہارا ہے۔ دونوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ میں کوئٹہ نے اعظم خان کی دھواں دار نصف سنچری کی بدولت دو بار کی پی ایس ایل چیمپئن کو تین وکٹ سے شکست دی تھی۔ پنڈی میں شام سات بجے شروع ہوگا۔ شام کو پنڈی اسلام آباد میں موسم ٹھنڈا ہوجاتا ہے اس لئے توقع ہے کہ پچ بیٹسمینوں کے لئے سازگار ہوگی۔ سعید اجمل نے کہا کہ پچ پر170، 180رنز بنیں گے ۔ جبکہ کوئٹہ کے انگلش فاسٹ بولر ٹائمل ملز نے کہا کہ بظاہر یہاں کی کنڈیشن انگلش دکھائی دے رہی ہیں ۔ یہاں میزبان ٹیم کو ہرانے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔میں اس وقت انگلش ٹیم کا حصہ نہیں ہوں لیکن انگلش سلیکٹرز بھی لیگ کو دیکھ رہے ہوں گے اگر میں کارکردگی دکھاتا ہوں تو یقینی طور پر انگلش سلیکٹرز میری کارکردگی پر نظر رکھیں گے۔ اسلام آباد کے خلاف ابتدائی چھ اوورز اہم ہوں گے۔
تازہ ترین