• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، وزیراعلیٰ سندھ چینی سفیر سے رابطہ کررہے ہیں، ناصر شاہ

کورونا وائرس، وزیراعلیٰ سندھ چینی سفیر سے رابطہ کررہے ہیں، ناصر شاہ


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کےحوالے سے وزیراعلیٰ سندھ چین کے سفیر اور قونصل جنرل سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاسکیں۔

معروف سائنسدان ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ کیماڑی میں جس جگہ لوگ متاثر ہوئے وہاں دو لینڈفل سائٹس ہیں جن کا معائنہ بہت ضروری ہے لیکن زیادہ امکان سویابین ڈسٹ کا ہے، اسپین ، فرانس، اٹلی اور امریکا میں سویابین گرد کی وجہ سے لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ کیماڑی میں دس لوگوں کی ہلاکت کی وجہ ابھی تک پتا نہ چلنے پر افسوس ہے، دو سال میں کراچی پورٹ پر سویابین کے بارہ تیرہ جہاز جبکہ پورٹ قاسم پر پچاس جہاز آچکے ہیں، جس جہاز میں سویابین تھا اس کا عملہ بالکل ٹھیک ہے۔

سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور میری رہائی ہمارے اصولوں کی فتح ہے، نواز شریف کی قربانیوں کو دیکھ کر ہم خود میں مزید قوت محسوس کرتے تھے۔ 

وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص جس فلائٹ میں پاکستان آیا اس کے تمام مسافروں کا ڈیٹا وفاقی حکومت سے لیا جارہا ہے۔

حکومت سندھ نے مختلف اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ بنادیئے ہیں، اسکریننگ کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات مزید بہتر کرنا چاہ رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ چین کے سفیر اور قونصل جنرل سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاسکیں۔ 

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ یہ معلومات بھی کی جارہی ہیں کہ کورونا وائرس سے متاثرہ یحییٰ جعفری پاکستان واپس آکر کن کن جگہوں پر گیا ہے، یحییٰ جعفری کے گھر والوں اور واپسی کے بعد ان سے ملنے والوں کا بھی چیک اپ کروایا جائے گا۔

تازہ ترین