وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہندوستان سے زیادہ اچھا کون جانتا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام کیسا ہے اور پاکستان کی فضائیہ کہاں کھڑی ہے۔
اسلامیہ کالج پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان ایشیا کا دوسرا ملک تھا جس نے 1963 میں اپنا راکٹ خلا میں چھوڑا۔ جب پاکستان نے اپنی توجہ دفاع پر مرکوز کی تو ہم ایٹمی طاقت بن گئے۔
فواد چودھری نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ابھی بھی چائے گرم ہی لگتی ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2020 میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا۔ سائنس و ٹیکنالوجی ایسا شعبہ ہے جہاں سیاست کے مقابلے میں آپ جلد ترقی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں لوگوں کو نوکریوں کا مسئلہ ہے لیکن سائنسدانوں کو کبھی نوکری کا مسئلہ نہیں ہوتا۔