کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ رک نہ سکا اور پچھلے 24 گھنٹوں میں 44 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بیماری سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 2 ہزار 858 ہوگئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق 52 ممالک میں متاثرین کی تعداد 83 ہزار 105 ہوگئی ہے جبکہ 36 ہزار 525 بیمار صحت یاب ہوگئے ہیں۔
کورونا وائرس سے چین میں مزید 43 افراد ہلاک جبکہ اٹلی میں اموات کی تعداد 14 سے بڑھ کر 17ہو گئی، اسی طرح جنوبی کوریا میں تعداد 12 سے 13 ہو گئی۔
چین میں اموات اور بیماروں کی تعداد کم ہورہی ہے مگر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں نسبتاً اضافہ ہورہا ہے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے، کورونا کے وبا کی صورت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
امریکا کی اسٹاک مارکیٹس مسلسل چھٹے روز شدید مندی کا شکار ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالر ڈوب گئے ہیں۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ 9 سال کی بدترین سطح پر گرگئی، ایس اینڈ پی فائیو ہنڈرڈ چار اعشاریہ چار فیصد گرگیا۔
کیلی فورنیا کے گورنر کا کہنا ہے کہ 33 افراد کے ٹیسٹ مثبت آگئے، ان میں 5 افراد ریاست سے جاچکے ہیں جبکہ مختلف کمرشل پروازوں سے آنے والے 8400 افراد کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
واضح رہے کہ کیلی فورنیا میں کورونا وائرس کا پہلا مقامی کیس بدھ کو رپورٹ ہوا تھا۔