• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قورمہ ایک بہت ہی لذیذ ڈش ہے۔اس کو بنانے کا آغاز مغلوں کے دور سے کیا گیا۔آج تک اس کے شوق میں کمی واقع نہیں ہوئی۔اس کو مختلف مصالحوں سے تیار کیاجاتا ہے۔اپنی مرضی کے مطابق مٹن ،بیف اور چکن کا استعمال کیاجاسکتاہے۔قورمہ شادی بیاہ میں بنائی جانے والی خاص ڈش ہے۔علاوہ ازیں دعوتوں اور گھروں میں یوں بھی بنایا جا سکتا ہے۔اس کی خوشبواتنی مزیدار ہوتی ہے کہ بھوک لگادیتی ہے۔قورمہ روغنی نان کے ساتھ خوب ذائقہ دیتاہے۔مختلف طرح کے لذیذ قورمہ تیار کیے جاتے ہیں۔ان میں ڈرائی فروٹ، نورجہانی، افغانی،بادامی ،وائٹ قورمہ وغیرہ شامل ہیں۔چند مزیدار قورمہ بنانے کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

ڈرائی فروٹ قورمہ

اجزاء۔

بیف۔ آدھا کلو

تیل۔ آدھا کپ

دار چینی ۔دو سے تین ڈنڈیاں

لونگ ۔تین سے چار عدد

چھوٹی الائچی۔ چار سے پانچ عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

ٹماٹر۔ دو سے تین عدد (کٹے ہوئے)

دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

زیرہ ۔آدھا چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

گرم مصالحہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی

نمک ۔حسبِ ذائقہ

دہی۔ ڈیڑھ کپ

پیاز۔ دو عدد ﴿تلی ہوئی

خوبانی۔ ایک کپ

بادام۔آدھا کپ

کاجو ۔آدھا کپ

کشمش۔ بیس گرام

آلو بخارے۔ آدھا کپ

اخروٹ ۔دس گرام

ترکیب۔

ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں دار چینی، لونگ اور چھوٹی الائچی ڈال کر کڑکڑا لیں۔

پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، بیف ڈال کر بھون لیں اور ٹماٹر شامل کریں۔

اس کے بعد دھنیا، زیرہ، لال مرچ، گرم مصالحہ، کالی مرچ اور نمک مکس کرکے بھون لیں۔

اب اس میں دہی شامل کرکے اچھی طرح مکس کر لیں۔

دہی جذب ہو جائے تو اس میں تلی پیاز، خوبانی، بادام، کاجو، کشمش، آلو بخارے اور اخروٹ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور اسے اتنا پکائیں کہ یہ پیسٹ کی شکل میں آجائے۔

ڈرائی فروٹ قورمہ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

بادامی قورمہ

اجزاء۔

چکن ۔ایک کلو (آٹھ ٹکڑے

پیاز ۔آدھا کپ (تلی اور پسی ہوئی)

خشخاش ۔ایک کھانے کا چمچ

کھوپرا ۔دو کھانے کے چمچ (پسا ہوا)

بادام ۔دس عدد (چھلے اور پسے ہوئے)

تیل۔ ایک کپ

مکس گرم مصالحہ ۔ایک کھانے کا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

لال مرچ۔ تین چائے کے چمچ (پسی ہوئی)

دھنیا۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ (پسا ہوا)

دہی ۔ڈیڑھ کپ

جائفل۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

جاوتری۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

الائچی۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ

بادام۔ گارنش کے لئے (فرائی کئے ہوئے)

کیوڑا۔ تھوڑا سا

ترکیب۔

پہلے خشخاش، کھوپر اور بادام کو ملا کر گرائینڈ کرکے پیسٹ بنائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب ایک کپ تیل گرم کرکے اس میں مکس گرم مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، چکن، نمک، پسی لال مرچ اور پسا دھنیا شامل کرکے اچھی طرح فرائی کر لیں۔

پھر تھوڑا پانی ڈال کر ڈھکیں اور دس منٹ کے لیے پکالیں۔

اب اس میں دہی کے ساتھ تیار پیسٹ، جائفل، جاوتری، الائچی، گرم مصالحہ اور پیاز ڈال کر پندرہ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں۔

آخر میں کیوڑا شامل کر دیں۔

پھر فرائی کیے ہوئے بادام سے گارنش کرکے سرو کریں۔

نورجہانی قورمہ

اجزاء۔

گوشت ۔آدھا کلو

بادام ۔آدھا پاؤ

تیل ۔حسب ضرورت

پیاز۔ تین عدد

دہی ۔آدھا پاؤ

لہسن ۔ایک گٹھی

دھنیا ۔تیس گرام (پسا ہوا)

سرخ مرچ ۔تیس گرام

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ادرک۔ ایک چھوٹی گانٹھ

گرم مصالحہ۔ بیس گرام (ثابت)

ترکیب۔

بادام کی گریاں نکال کر انہیں گرم پانی میں اُبال کر ان کا چھلکا اتار لیں اور ایک برتن میں ڈال کر رکھ دیں۔

اب پیاز کو گھی میں لال کرکے نکال لیں۔

پھر لہسن، ادرک اور مصالحہ جات کو بھونیں۔

بھنے ہوئے مصالحے میں دہی اور گوشت ڈال کر بھوننا شروع کردیں۔

جب گوشت بُھن جائے تو اس میں فرائی پیاز اور بادام ڈال دیں اور گوشت کےگَلنے کےلئے تھوڑا سا پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

گوشت گَل جانے پر ایک مرتبہ پھر بھونیں اور پتیلی چولہے سے اتار کر رکھ لیں۔نور جہانی قورمہ سرو کرنے کے لئے تیار ہے۔

عالمگیری قورمہ

اجزاء۔

بیف بون لیس۔ آدھا کلو

دہی ۔آدھا کلو

پیاز ۔دو عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

تیل ۔حسب ضرورت

ثابت گرم مصالحہ۔ آدھا کپ

دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

زیرہ ۔آدھا چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

لال مرچ۔ دو کھانے کے چمچ ﴿پسی ہوئی

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

بادام، پستہ اور کاجو۔ آدھا کپ

ترکیب۔

بادام، پستہ اور کاجو کو اُبال کر اُن کے چھلکے اُتار لیں۔

اب پین میں تیل گرم کرکے پیاز کو براؤن کرکے نکال لیں اور پیس کر ایک پاؤ دہی میں شامل کرکے مکس کریں اور ایک طرف رکھ دیں۔

پھر اسی تیل میں ثابت گرم مصالحہ شامل کرکے کڑکڑا لیں۔

پھر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کرکے بھونیں۔

اب اس میں گوشت شامل کرکے تیز آنچ پر بھونیں۔

پھر اس میں دہی، پسی لال مرچ، پسا دھنیا، پسا زیرہ، ہلدی اور نمک شامل کرکے پکائیں۔

اس کے بعد حسب ضرورت پانی شامل کرکے ڈھک کر اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے۔

جب قورمہ تیل چھوڑ دے تو ایک پین میں بادام، پستے اور کاجو کو تیل کے ساتھ فرائی کریں۔

پھر قورمہ میں شامل کرکے مکس کرلیں اور ڈش آؤٹ کرکے سرو کریں۔

چکن وائٹ قورمہ

اجزاء۔

چکن۔ ایک عدد (بارہ حصوں میں کٹا ہوا)

دہی ۔دو کپ

پیاز ۔تین عدد (بڑی، کٹی ہوئی)

لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

ثابت گرم مصالحہ۔ دو کھانے کے چمچ

کیوڑا۔ آٹھ کھانے کے چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ثابت لال مرچ ۔بیس عدد (گول)

ہلدی پاؤڈر۔ ایک تہائی چائے کا چمچ

ادرک۔ تین کھانے کے چمچ (باریک کٹی ہوئی)

آئل۔ ایک تہائی کپ

پانی۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

گول لال مرچ کو کاٹ کر اس کے بیج نکالیں اور چھلکا کسی دوسرے استعمال کےلئے رکھ لیں پھر بیج کو باریک پیس لیں۔

اب تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں۔

گولڈن براؤن ہونے پر پیاز نکال کر نچوڑ لیں اور باریک پیس لیں۔

اس تیل میں ادرک اور لہسن دو منٹ تک فرائی کریں۔

پھر مرغی ڈال کر تیز آنچ پر دس منٹ تک بھونیں۔

اس کے بعد ثابت گرم مصالحہ ڈال کر دو منٹ تک بھونیں۔

اب نمک، مرچوں کے پسے ہوئے بیج، ہلدی اور پانچ کپ پانی شامل کرکے اُبال آنے پر ڈھکن رکھ کر دھیمی آنچ پر بیس منٹ تک پکائیں۔

ڈھکن ہٹا کر پھینٹا ہوا دہی شامل کردیں اور تیز آنچ پر پانچ منٹ تک پکائیں۔

اب پسی ہوئی پیاز اور کیوڑا شامل کرکے مزید دس منٹ تک پکا کر اتار لیں۔

اوپر سے باریک کٹی ہوئی ادرک ڈال کر پیش کریں۔

افغانی قورمہ

اجزاء۔

بکرے کا گوشت۔ آدھا کلو (اُبلا ہوا اور یخنی کے ساتھ)

تیل ۔ایک چوتھائی کپ

پیاز ۔دو عدد (کٹی ہوئی)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

ثابت لال مرچ۔ آٹھ عدد

دہی۔ ایک کپ

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

کیوڑا ۔ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو ہلکا سنہرا کرلیں۔

پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور پسی لال مرچ شامل کرکے اچھی طرح فرائی کر لیں۔

اس کے بعد گوشت کو یخنی، ثابت لال مرچ اور دہی کے ساتھ شامل کرکے دس منٹ پکائیں اور مسلسل چمچ چلاتے رہیں۔

اب اسے ہلکی آنچ پر مزید دس منٹ کے لیے دم پر رکھیں۔

آخر میں لیموں کا رس، کیوڑا اور گرم مصالحہ ڈال کر نکال لیں۔

تازہ ترین