• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر میں لیونگ روم کوبہت اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ آپ کا کھانا پینا، گھر والوں کے ساتھ ہنسی خوشی فرصت کے لمحات گزارنا، دوستوں یا رشتے داروں کو خوش آمدید کہنا اور ان سے گپ شپ کرنا، ان سب کاموں کے لیے عموماً لیونگ روم ہی آپ کا انتخاب ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ہمیشہ اپنے اعلیٰ ذوق کے مطابق لیونگ روم کی آرائش و سجاوٹ کرتے اور اسے صاف ستھرا رکھتے ہیں۔ عمدگی سے آرائش کیے گئے لیونگ روم میں ہر کچھ عرصے بعد تھوڑا بہت ردوبدل یا مکمل طور پر نئے سرے سے تزئین و آرائش کی ضرورت پڑتی ہے۔ آج ہم آپ کی خدمت میں لیونگ روم کی تزئین و آرائش اور اسے صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے کچھ تجاویز پیش کررہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ آپ کے لیے یہ انتہائی مؤثر ثابت ہوں گی۔

جدید اور کلاسیکی امتزاج

اپنے لیونگ روم کو اس طرح ڈیزائن کریں کہ اس میں کلاسیکی نوعیت کا کام غالب نظر آئے۔ اس میں انڈسٹریل دور کی روشنی، تزئین و آرائش کے لیے لکڑی اور پینٹنگز کے ذریعے کلاسیکی چیزوں کو شامل کریں۔ دیواروں کے لیے جدت لیے ہوئے رنگوں (مثلاً زیتون اور گلابی) کا استعمال کریں اور اسی مناسبت سے پردوں کے رنگوں کا انتخاب کریں۔

لکڑی کا فرنیچر

لکڑی جدید لیونگ روم کا ایک خاص عنصر بن چکی ہے۔ قدرتی لکڑی کے آرام دہ صوفے، فرش پر قالین، انڈسٹریل اور فطری روشنی کا ملاپ ایک بہترین منظر پیش کرتا ہے۔ ٹیلی ویژن کے لیے لکڑی کا ایک فریم بھی بنوایا جاسکتا ہے، جس میں نفیس انداز میں مختلف کتابیں اور دیگر اشیا خوبصورتی سے سجائی جاسکتی ہیں۔ اگر آپ کے لیونگ روم میں کھڑکیاں ہیں تو وہاں سے قدرتی روشنی کو ضرور اندر آنے دیں۔

نمایاں اور شوخ رنگ

اگر آپ بولڈ اسٹیٹمنٹ اور جدید انداز دینا چاہتے ہیں تو اپنے لیونگ روم کی سجاوٹ میں پیلے رنگ کو بنیادی کردار سونپ دیں۔ مثلاً، قالین یا ایک طرف کی دیوار پر شوخ پیلا رنگ کردیں۔ اس کے کنٹراسٹ میں گہرے گلابی یا سرمئی رنگ کے صوفے رکھیں۔ آپ کا لیونگ روم گھر کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لیونگ روم کو شوخ رنگوں سے سجانے کے بعد کھڑکیوں اور دروازوں کے پردے کے لیے ہلکے ٹھنڈے رنگ کا انتخاب کریں۔

بُک شیلف

اگر آپ اخبارات، جرائد اور کتابیں پڑھنے کا ذوق رکھتے ہیں تو یقیناً آپ کا لیونگ روم ایک بک شیلف کے بغیر نامکمل رہے گا۔ اس بک شیلف کے ایک خانے میں آپ کچھ نمائشی چیزیں اور ٹیبل لیمپ بھی رکھ سکتے ہیں۔ اگر جگہ کی کمی ہو تو آپ چائے کی ٹیبل کے نیچے والے حصے کو بھی کتابیں رکھنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

خوبصورت ڈبوں کا استعمال

اگر آپ اپنے گھر اور لیونگ روم میں کسی چیز کا بہترین استعمال کرسکتے ہیں تو وہ خوبصورت ڈیزائن اور نفاست سے تیار کیے گئے ڈبے ہوسکتے ہیں۔ انہیں آپ مختلف چیزیں رکھنے کے لیے استعمال میں لاسکتے ہیں۔

دیواروں کی آرائش

اپنے لیونگ روم کی دیواروں کی آرائش کے لیے انہیں نفاست کے ساتھ ایک خاص انداز میں سجائیں۔ کسی ایک طرف کی دیوار کو فیچر وال بنائیں اور وہاں اپنے خوشگوار لمحات کی کچھ تصاویر اور چند پینٹنگز آویزاں کریں۔

پودے

اگر جگہ اجازت دے تو اپنے لیونگ روم میں پودے رکھیں، وہ اسے چار چاند لگادیں گے۔ پودوں کی موجودگی میں لیونگ روم کا ماحول بے حد صحت مند رہے گا۔ کئی ایک پودوں میں یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ نمی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس طرح آپ اپنے لیونگ روم کو نمی سے پاک رکھ سکتے ہیں۔

اسکائی لائٹ

اگر آپ اپارٹمنٹ میںرہتے ہیں تو یقیناً اپنے لیونگ روم میں اسکائی لائٹ کی خوبصورتی نہیں لاسکتے، تاہم جن لوگوں کی چھت اپنی ہوتی ہے وہ اپنے لیونگ روم کی چھت کو اسکائی لائٹ کے لیے بنوا سکتے ہیں۔ لیونگ روم کی چھت میں اسکائی لائٹ کے لیے آپ کو اسٹیل کے فریم اور شفاف شیشے کی ضرورت ہوگی، یہ آپ کے لیونگ روم کی خوبصورتی اور ماحول میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ اکثر کمروں میں اسکائی لائٹ کے لیے کمرے کے مرکز کا ہی انتخاب کیا جاتا ہے، تاہم آپ گھر کی تعمیر کے وقت سورج کی سمت کے مطابق اسکائی لائٹ کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

لیونگ روم کی صفائی

روزانہ کی بنیاد پر لیونگ روم کی تمام چیزوں کی سطحوں سے مٹی جھاڑنے کا بندوبست کریں۔ جب کسی جگہ مٹی کے تہہ جمنا شروع ہوجاتی ہے تو وہاں کئی بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

لیونگ روم کا مرکزی نقطہ

کون نہیں چاہے گا کہ اس کے گھر کا لیونگ روم ایسا ہو جہاں دوستوں اور مہمانوں کے داخل ہوتے ہی ان کی توجہ کسی ایک مرکزی نقطہ کی جانب مبذول ہوجائے؟ اس سے مراد لیونگ روم کے مرکز میں کافی ٹیبل یا کنسول ٹیبل ہے۔ اس مرکزی ٹیبل کو سجانے کے لیے آپ تخلیقی انداز اپنا سکتے ہیں جیسے کہ مرکزی ٹیبل پر موم بتیاں رکھنا، گلدان رکھنا، مشروب کے گلاس اور فروٹ ٹرے رکھنا، پھول اور چند کتابیں رکھنا وغیرہ۔

تازہ ترین