• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وزیراعلی سندھ بغیر گارڈ کے پھاٹک ختم کریں‘، شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے روہڑی میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ سے درخواست ہے کہ بغیر گارڈ کے پھاٹک ختم کریں کیونکہ بغیرگارڈ پھاٹک ختم کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ دس مئی کو ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے۔ ایم ایل ون منصوبہ شروع ہوگیا تو ریلوے ٹریک کے دونوں طرف باڑ لگ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے پانچ سال میں ریلوے نفع بخش ادارہ بن جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کی تعریف کی یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔

بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر  ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، دنیا بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے بارڈر بند ہونے کے باعث 4 ٹرینیں بند کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو سلیکٹڈ وزیراعظم تھا کوئی بھی مجھ سے مناظرہ کرلے، میں ثابت کروں گا، آصف زرداری کی خوبی ہے کہ وہ جیل کاٹ سکتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے علاج پر پنجاب حکومت سیاست نہیں کر رہی، نواز شریف نے وطن واپس نہیں آنا، مریم نے باہر نہیں جانا، مریم چلی گئیں تو پورا ٹبر ہی باہر چلا جائے گا۔

تازہ ترین