قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جہاں افغان طالبان کا امریکا سے امن معاہدہ ہونے جا رہا ہے، وہیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندۂ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے امن معاہدے کی تازہ ترین صورتِ حال سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آج کے امن معاہدے کے بعد پاکستان انٹرا افغان مذاکرات کی امید رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیئے: غیر ملکی فوجوں کے انخلاء سے امن آئے گا، طالبان
وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں دائمی امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
شاہ محمود قریشی نے دوحہ میں بین الاقوامی میڈیا نیٹ ورک کے صدر دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے بین الاقوامی میڈیا نیٹ ورک کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔