راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایس این جی پی ایل انتظامیہ نے مری ایکسپریس وے پر لوئر بٹنارا ڈھوک ڈھمین میں لینڈ سلائڈنگ سے متاثر ہونے والی لائن ہنگامی بنیادوں پر مرمت کر کے صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنا دی۔ جنرل مینجر ایس این جی پی ایل محمد ظہور کے مطابق ہمارے مری آفس کو دوپہر دو بجکر چالیس منٹ پر اطلاع ملی تھی کہ مری کو گیس کی فراہمی کیلئے بچھائی گئی چار انچ قطر کی ڈسٹری بیوشن فیڈر مین لائن کو لینڈ سلائیڈنگ سے نقصان پہنچا تھا جس پر فوری طور پر تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو آدھے گھنٹے کے اندر متعلقہ جگہ پر پہنچ گئیں اور شدید بارش کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے رات ساڑھے آٹھ بجے تک 98فیصد صارفین کی گیس بحال کر دی گئی، جی ایم محمد ظہور نے اس صورتحال میں بھرپور تعاون کرنے پر مقامی صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شدید بارش اور اندھیرے کی وجہ سے جو کام رہ گیا تھا وہ آج مکمل کر کے باقی ماندہ دو فیصد صارفین کو بھی اتوار کی صبح تک گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنا دی جائے گی۔