معروف اداکارہ سجل علی نے اداکارہ سعدیہ غفار کی ڈھولکی میں اپنے منگیتر احد رضا میر کی والدہ کا دوپٹہ پہنا اور اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ سجل علی نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی، اداکارہ کی یہ تصویر سعدیہ غفار اور حسن حیات خان کی ڈھولکی کی تقریب کی تصویر ہے۔
سجل علی کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے سیاہ رنگ کا غرارا اور قمیض زیب تن کی ہوئی ہے اور اُس کے ساتھ اُنہوں نے سُرخ اور سبز رنگ کا دوپٹہ پہنا ہوا ہے۔
اداکارہ نے اپنی اِس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’جب آپ امّی کا دوپٹہ پہنتے ہیں، کانوں میں بہن کی بالیاں پہنتے ہیں، خود میک اپ کرتے ہیں اور دو گھنٹے میں سِلا ہوا غرارا پہنتے ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنے کیپشن میں احد رضا میر کی والدہ اور اپنی بہن صبور علی کا شکریہ ادا کیا۔
اِس کے علاوہ بھی سجل علی نے کچھ تصاویر شیئر کیں۔
ایک تصویر میں وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ ہیں اور یہ تصویر سعدیہ غفار اور حسن حیات کی مایوں کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعدیہ غفار اور حسن حیات کی شادی کی تقریب ہوئی تھی اور اُس سے قبل اُن کی مایوں اور ڈھولکی کی تقاریب ہوئی تھیں، سجل علی نے اِن تمام تقاریب میں اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ شرکت کی تھی۔