• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کو لاہور میں آج کوئٹہ کیلئے سپورٹ ملنے کا یقین

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سپر لیگ میں 5 میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کرنا خوش آئند، مگر ٹورنامنٹ کا اہم مرحلہ اب شروع ہورہا ہے، ہمیں زیادہ سے زیادہ میچز جیت کر ٹاپ فور میں جگہ بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ معلوم ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی بڑی تعداد لاہور قلندرز کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کرے گی مگر وہ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے لہٰذا انہیں بھی تماشائیوں کی سپورٹ کا یقین ہے۔ لاہور قلندرز کوگذشتہ تین میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا مگر ہمیں میچ میں جیت کے لیے منگل کو بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ دریں اثنا پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل ٹیم کا اہم کھلاڑی تھا اس کا خلاء پر کرنا آسان نہیں تھا۔گذشتہ سال عمر نے ہمیں چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔عمر اکمل کی عدم موجودگی میں ہم نے اعظم خان کو موقع دیا اعظم نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔ اس سوال کہ جواب میں چیف سلیکٹر مصباح الحق کہہ چکے ہیں کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو پاکستانی ٹیم میں موقع ملے گا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میرا فوکس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی پر ہے۔پاکستان ٹیم کے بارے میں بعد سوچوں گا۔

تازہ ترین