• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیدیوں کا تبادلہ امن معاہدے میں موجود ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکا اور افغان طالبان میں ہونے والے امن معاہدے سے متعلق کہنا ہے کہ قیدیوں کا تبادلہ امن معاہدے میں موجود ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور افغان طالبان میں ہونے والے امن معاہدے کے مطابق قیدیوں کی رہائی یکطرفہ نہیں ہوگی دونوں طرف سے قیدی رہا ہوں گے، یہ امن معاہدے میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد اگلا قدم اٹھانا افغانوں کا کام ہے، امن معاہدے کے لیے پاکستان نے جو کردار ادا کرنا تھا کردیا ، اگلا قدم انٹرا افغان مذاکرات ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغان قیادت کو لچک دکھانی پڑے گی، ہٹ دھرمی سے بات آگے نہیں بڑھے گی، صرف معاہدہ کافی نہیں ہے رویے بھی درست کرنے پڑتے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت افغان قیادت پر آزمائش ہے دیکھتے ہیں وہ کیا کرتے ہیں، معاہدے کے بعد سب کا خیال تھا راستہ آسان نہیں دشواریاں آئیں گی، امن کے راستے میں آنے والی دشواریوں کا حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماحول خراب کرنے والے ہمیشہ تھے اور رہیں گے، سیاسی قیادت کا کام ہے کہ ماحول خراب کرنے والوں کو ناکام بنائیں۔

تازہ ترین