• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری پر فردِ جرم 25 مارچ کو عائد ہو گی

زرداری پر فردِ جرم 25 مارچ کو عائد ہو گی


اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

عدالت نے آصف زرداری کی منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس میں آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

احتساب عدالت نے ہدایت کی ہے کہ 25 مارچ کو کیس کی اگلی سماعت پر تمام ملزمان حاضر ہوں۔

عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارک لین ریفرنس میں 25 مارچ کو فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: منی لانڈرنگ کیس کی سماعت، زرداری پیش نہ ہوئے

اس سے قبل سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت سے انور مجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔

احتساب عدالت کے جج نے انہیں ہدایت کی کہ ویڈیو لنک پر بیان کے لیے تحریری درخواست دے دیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ویڈیو لنک پر بیان اتنا آسان نہیں، حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا، میمو کیس میں بھی ملزم کا بیان ویڈیو لنک پر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: زرداری۔و فریال پر فردِ جرم عائد کرنےکی کارروائی مؤخر

آصف زرداری کے دوسرے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پرویز مشرف نے بھی بیان ویڈیو لنک پر دیا تھا، یہاں سے کوئی نہیں گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسارکیا کہ کیا عدالت اپنا نمائندہ کراچی بھجوائے گی؟

جس پر فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ جی عدالت کے رجسٹرار کو بھجوایا جا سکتا ہے۔

عدالت نے ویڈیو لنک پر بیان قلمبند کرنے کے لیے آج ہی تحریری درخواست جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔

تازہ ترین