کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے سعودی شہریوں اور مکینوں کے لئے بھی عمرہ کی ادائیگی عارضی طور پر معطل کردی ہے، سعودی شہریوں اور مکینوں کے حرم اورمسجد نبوی صلی اللّٰه علیہ وسلم کی زیارت کے لیے داخلے پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ کوونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق جونہی صورت حال میں تبدیلی آتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔
دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا کے دوسرے کیس کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ سعودی حکام کے مطابق یہ شخص بھی پیر کو سامنے ٓنے والے کورونا کے مریض سے رابطے میں تھا اور ایران سے آیا ہے ۔
سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے پیر کے روز کو رونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو بیرون ملک سے عمرہ پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی تھی۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے منگل کو بعض اضافی اقدامات کا اعلان کیا تھا اور خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور مکینوں کے گذشتہ چودہ روز کے دوران میں کسی اور ملک میں جانے کی صورت میں مملکت میں داخلہ محدود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔